تحریک انصاف نے لوٹ مار پر پبنی سیاست کے خلاف آواز بلند کی:محمود خان
مٹہ (نمائندہ پاکستان) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے منشور کے مطابق عوام کو تعلیم ، صحت انصاف او رروزگار دینے کے لئے اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کئے ، جہیز اور سود کے خلاف قانون سازی کی گئی ہے ، پاکستان میں روایتی سیاستدانوں نے ہر بار قوم کو دھوکہ دیا ، لوٹ مار کی اور قرض لے کر ملک چلاتے رہے اور قوم کا سرمایہ لوٹ کر اندرون ملک اور بیرون ممالک جائیدادیں بناتے رہے ، تحریک انصاف نے لوٹ مار پر مبنی سیاست کے خلاف آواز بلند کی اور نظا م کی تبدیلی کے لئے طویل جدوجہد کی، ہم نے خیبر پختونخوا کو ایک مثالی صوبہ بنایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بے درہ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے این پی کے دیرینہ اور مستقل کارکنان جن میں ثناء اﷲ خان ، فرحان ، محمد انور خان ، ہارون الرشید خان ، فضل غفار ، وحید اﷲ ، حبیب اللہ خان ، اظہار علی ، بخت اعظم خان اور سید رفیع اﷲ نے اپنے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی طویل المدت رفاقت تھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران کی ویژن کی تعریف کی اور تمام رہنماؤں پر اعتماد کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی وجہ کرپشن ہے ملک کو اتنامقروض بنا دیا ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے جو انتہائی دکھ کی بات ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ روٹی ، کپڑا اور مکان پر کئی بار قوم کو دھوکہ دیا گیاہے لیکن اب ہم نے کرپشن کو لگام ڈالی ہے اور کرپٹ مافیا کے خلاف سزا وجزا کا آغاز ہو چکا ہے ۔ صوبائی وزیر محمود خا ن نے اپنے حلقہ نیابت میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی کے 84میں اربوں روپے کے ترقیاتی ہوئے ہیں ماضی میں یہی حلقہ بری طرح نظرانداز کیا گیا تھا اور یہاں کے باشندے احساس محرومی کے شکار تھے لیکن آج ان کی 70سالہ مایوسی کا ازالہ بہترین انداز میں کیا گیا ہے اور عوام کا ایک بار پھر حکومتی نمائندوں پر اعتماد پیدا ہو گیا ہے