مشاہد اللہ خان کی صدارت میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے سندھ بالخصوص کراچی میں مسلم لیگ کے تنظیمی معاملات کو ٹھیک کرنے، پارٹی میں دھڑے بندی اور کارکنوں میں موجود احساس محرومیوں کے خاتمے کے لئے مشاورتی عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں سینیٹر مشاہد اللہ خان کی صدارت میں پارٹی رہنماؤں کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا، کے ایم سی میں مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈرامان آفریدی، چیئرمین یوسیز، چوہدری نوازاولکھ، ندیم اخترآرائیں،حبیب الرحمن،مسلم لیگ سندھ کے نائب صدر علی اکبرگجر، حاجی شاہجہان، ناصرالدین محمود،عبدالحمیدبٹ، زاہدعلی شاہ،اسلم خٹک،عاشق گجر، شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختر،جمیلہ ظفر، شہنازاختر، پروین بشیراوردیگرنے شرکت کی ۔اجلاس میں کراچی کی قیادت نے تجاویز پیش کیں اورمسائل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں مخالفین پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کیلئے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں۔ عوام اپنا حق رائے دہی کسی غیر ملک کے کہنے پر استعمال نہیں کرتے۔ آئندہ عام انتخابات میں عوامی ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگا۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کراچی میں قیام امن شہر قائد کے باسیوں کے لیے نواز شریف کا تحفہ ہے ۔کراچی میں امن ہوگا تو ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی ۔شہر میں قیام امن کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت اقدامات کررہی ہے ۔گرین لائن بس منصوبے ،پانی کے منصوبے K-4اور کراچی کے پیکج کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیربنادیا ہے ۔وہ شہر جس کی پہچان اس کی روشنیاں ہوتی تھیں آج کھنڈر کا نقشہ پیش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھاری تعداد میں ووٹ دیئے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کراچی بھی نواز شریف کے چاہنے والوں کا شہر ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں کراچی سے بھرپور کامیابی کے لیے پارٹی کی مقامی قیادت اور کارکنوں کو انتھک محنت کرنا ہوگی ۔پارٹی رہنما عوام کے سامنے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی کارکردگی پیش کریں ۔سی پیک منصوبہ سے لے کر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے تک کیے گئے اقدامات کو عوام آئندہ انتخابات میں بھرپور پذیرائی بخشیں گے ۔مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے،ہماری حقیقی عوامی خدمت کے ثبوت اور مخالفین کے جھوٹے دعوے عوام کے سامنے ہیں،مخالف سیاسی جماعت کے رہنما نے جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کو پروان چڑھایا، تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے بار بار موقف بدلنے کو تبدیلی سمجھ رکھا ہے، ہم نے عوامی خدمت میں نام کمایا ہے جبکہ بہتان خان نے جھوٹ، منافقت اور الزام ترشی میں نام بنایا ہے ،عمران خان کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کی مخالفت بہت مہنگی پڑے گی۔اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے وفاقی قیادت سے شکایتوں کا پنڈورا پاکس کھول دیا،کئی رہنماؤں نے گورنر سندھ کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا تو کسی نے کراچی کے لیے 25 ارب کے وفاقی حکومت کے پیکج کی تقسیم پر شکایات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بہت بڑا فنڈ پی ٹی آئی کے ارکان کو دے دیا گیا جبکہ ن لیگ کے حلقوں میں درخواست کے باوجود کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا گیا۔