اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایف بی آر کو این ٹی ایس کے کمپیوٹرز فوری واپس کرنے کاحکم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف بی آر کو این ٹی ایس کے کمپیوٹرز فوری طور پر واپس کرنے کاحکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں این ٹی ایس آفس پر ایف بی آر کے چھاپے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔ این ٹی ایس کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف بی آر کی جانب سے 45 کمپیوٹرز تحویل میں لیے گئے حالانکہ مالی ریکارڈصرف 4 کمپیوٹرز میں ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایف بی آر نے این ٹی ایس کے کمپیوٹرز کیوں ضبط کیے؟ انکوائری تاریکی میں نہیں کی جاسکتی۔ ایف بی آر کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ این ٹی ایس کے 15 میں سے صرف 5 اکاؤنٹس ظاہر کیے گئے تھے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ اختیارات کاناجائزاستعمال کیاگیا ہے ، تفتیش کیلئے شفاف انداز میں موقع فراہم کرنا چاہیے۔ عدالت نے ایف بی آر کو این ٹی ایس کے کمپیوٹرز فوری طور پر واپس کرنے کاحکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔