زرداری فریال کو چیئرمین سینیٹ بنوانے کیلئے متحرک ، بیک ڈور رابطے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سینیٹ انتخابات کیلئے متحرک ہو گئے ، بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناءاللہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی پس پردہ زرداری کے کردار کی اطلاعات ہیں جبکہ سینیٹ انتخابات کیلئے بھی جوڑتوڑ شروع کر دیا گیاہے ، سابق صدر نے اپنی بہن فریال تالپور کو سینیٹ الیکشن جتوا کر چیئرمین سینیٹ بنوانے کیلئے جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں سے بیک ڈور رابطے شروع کرد ئیے ہیں ۔
روزنامہ دنیا کے مطابق زرداری نے سینیٹ الیکشن میں فریال تالپور کو چیئرمین بنوانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں،فریال تالپور کو پارٹی فیصلوں بالخصوص سندھ کے حکومتی معاملات میں غیرعلانیہ مرکزیت حاصل ہے ،سینیٹ الیکشن میں جے یو آئی فیصلہ کن کردار ادا کرے گی، مولانا فضل الرحمن فاٹا اصلاحات بل پر مسلم لیگ (ن) سے ناراض ہیں جس کے نتیجہ میں انہوں نے تاحال بلوچستان میں وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ثنائاللہ زہری کی حمایت کی یقین دہانی نہیں کرائی،ان کے نوازشریف سے اختلافات بڑھتے جارہے ہیں،اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زرداری نے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا ہے ،مولانا فضل الرحمن جو مرکزی حکومت کا حصہ ہیں وہ آئندہ کے سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مارچ میں حکومت سے علیحدگی اختیار کرلیں گے تاکہ سینیٹ انتخابات میں وہ اپنے مفاد کو مدنظر رکھ کر حصہ لے سکیں ،سینیٹ الیکشن اگر بروقت ہوتے ہیں تو چیئرمین سینیٹ کے عہدہ کیلئے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا،اگرچہ مسلم لیگ (ن) سنگل لارجسٹ پارٹی ہوگی تاہم اسے سینیٹ میں سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں ہو گی، 104کے ایوان میں (ن) لیگ کے پاس 40 سیٹیں ہو سکتی ہیں.
اس کے برعکس پیپلزپارٹی چھوٹی پارٹی ہوتے ہوئے جے یو آئی، (ق) لیگ، فاٹا ارکان کو ساتھ ملانے کی کوشش کرے گی ،مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ممکنہ ڈیل کی صورت میں چیئرمین سینیٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئرمین جے یو آئی سے ہو گا، آصف زرداری اے این پی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بھی کوشش کررہے ہیں،قوی امکان ہے کہ اے این پی مسلم لیگ (ن) کے بجائے سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی حمایت کرے گی۔