پنجاب میں ترقی کا سنہرا دور
تحریر: صبط حیدر
کسی بھی ملک کا عدالتی نظام اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہے۔اسی اہمیت کے پیش نظر پاکستان کے عدالتی نظام کو گہری نگاہ سے دیکھاجانے لگا ہے ۔ گزشتہ روز پاکستان کے چیف جسٹس کی جانب سے ایک بیان منظر عام پر آیا جس میں انہوں نے پنجاب گورنمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حکومت پنجاب کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ اگر ان شعبوں کی جانب توجہ نہ برتی گئی تو ترقیاتی منصوبوں بشمول اورنج لائن پراجیکٹ کو روکا بھی جا سکتا ہے۔ چیف جسٹس کا بیان اپنی جگہ،لیکن جب میں پنجاب کو دیکھتا ہوں تو مجھے ان شعبوں میں جاری کاموں اور ترقیاتی منصوبوں کی مثال دنیا دیتی نطر آتی ہے ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کارکردگی کو پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر کافی سراہا جا رہا ہے۔ شعبہ تعلیم کی بات کی جائے تو ابھی کچھ روز پہلے ایک بین الاقوامی ماہر تعلیم مائیکل باربر کی جانب سے بیان منظر عام پر آیا جس میں ان کی جانب سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کار کردگی اور تعلیم سے متعلق حکومت پنجاب کی کاوشوں کو بے انتہا سراہا گیا اور تعلیم کے شعبے میں شہباز شریف کے ویژن کو باقی ترقی پذیر ممالک کے حکمرانوں کے لئے ایک کامیاب مثال کے طور پر پیش کیا گیا۔۔انہوں نے پنجاب کے تعلیمی میدان میں خاطر خواہ بہتری پر شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شعبہ تعلیم میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیاب عملدرآمد کے باعث کئی اہداف حاصل کئے گئے ہیں اور وزیر اعلٰی اس پروگرام میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔
بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (ڈیفڈ) کے مینجنگ پارٹنر سر مائیکل باربر نے مزیدکہا کہ پنجاب حکومت سکولز روڈ میپ کے پروگرام کو شاندار انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔ انرولمنٹ اور معیاری تعلیم کے فروغ میں بے پناہ بہتری آئی ہے۔ بچوں کو تعلیم حاصل کر کے اپنی زندگی سنوارنے کا بھرپور موقع مل رہا ہے۔ پاکستانی عوام وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے تعلیمی پروگراموں کو زبردست خراج تحسین پیش کر رہے ہیں کہ ان تعلیمی پروگراموں کے باعث غریب گھرانوں کے بچوں کو بھی اعلٰی تعلیم کے مواقع مل رہے ہیں۔بلاشبہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی فنڈہے جس کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائدبے وسیلہ ہونہار طلبا و طالبات اپنی تعلیمی پیاس بجھارہے ہیں۔
ہونہار محنتی طلبا و طالبات قوم کے درخشندہ ستارے ہیں اورتعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان کا فخر ہیں۔ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔اس تعلیمی فنڈ کے ذریعے پسماندہ علاقوں کی خاک آلود گلیوں سے ہیرے تلاش کر کے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔اشرافیہ کے بچوں کو تو دنیا بھر کے اعلٰی تعلیمی اداروں میں جہاں چاہیں حصول تعلیم کے مواقع میسر ہیں لیکن غریب گھرانوں کے ہونہارکرڑوں بچے اوربچیاں جن میں تعلیم حاصل کرنے کی تڑپ،شوق ہوان پر تعلیم کے دروازے بند ہوں،یہ کسی طورپر بھی مناسب نہیں۔پنجاب حکومت نے ملک کی تاریخ کا منفرد ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈقائم کر کے کم وسیلہ خاندانوں کے بچے اور بچیوں پر اعلٰی تعلیم کے دروازے کھولے ہیں اوراس تعلیمی فنڈ کے ذریعے مستحق و ذہین طلبا کی آبیاری کی گئی ہے اور آج مزدوروں اورکم وسیلہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار بچے اوربچیاں آکسفورڈ،کیمرج اورلمزجیسے اعلٰی تعلیمی اداروں میں علم حاصل کررہے ہیں۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈقومی یکجہتی کی علامت ہے جس کے ذریعے آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں کے طلبا و طالبات کو وظائف دیئے جارہے ہیں۔
طلبا و طالبات کو وظائف سو فیصد میرٹ پر دیئے جارہے ہیں کیونکہ ترقی اورخوشحالی کا واحد راستہ میرٹ ہی ہے۔ تعلیمی فنڈکے ذریعے وظائف کے اجراء میں مکمل طورپر میرٹ کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ یہ ایک اعلٰی مثال ہے کہ اس فنڈ سے وظائف کے حصول کیلئے ہونہار طلبا و طالبات کو رابطہ نہیں کرنا پڑتا بلکہ تعلیمی میدان میں اعلی کارکردگی دکھانے والے کم وسیلہ ہونہار بچے اور بچیوں سے بورڈ خود رابطہ کرتا ہے اورلیٹرز طلبا و طالبات کے گھر بھجوائے جاتے ہیں جس پر انہیں حیرانی بھی ہوتی ہے کیونکہ دہائیوں سے اس ملک میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ اس لئے جب طلبا و طالبات کو کسی سفارش کے بغیروظائف کا لیٹر ملتا ہے تو انہیں یقین نہیں آتا۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈمنٹ فنڈ کے وظائف کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان ڈاکٹرز،انجینئرز،اساتذہ اوربینکرزبن کرملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں اورزندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اوران کی بے پناہ صلاحیتوں کو دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔ نوجوان نسل باصلاحیت ہے اوریہ ملک وقوم کی تقدیر بدلے گی ۔
خادم پنجاب کے ویژن کے مطابق دانش سکولز کے ذریعے بھی غریب خاندانوں کے بچوں کو اعلیٰ معیار تعلیم فراہم کی جا رہی ہے ۔بہترین اساتذہ اور سلیبس کے تحت تعلیمی سہولیات سے فیض یاب کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کی انرولمنٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخلہ بھی دیا جا رہا ہے
ایک بین الاقوامی جریدے’’دی اکانومسٹ‘‘ نے اپنے حالیہ شائع کردہ جریدے میں پاکستان کے اسکول سسٹم کو اپنا موضوع خاص بنایا اور ایک ترقی پذیر ملک کے اعتبار سے اس ملک میں ہونے والی مثبت تعلیمی سر گرمیوں کو دنیا بھر کے آگے اجاگر کیا کہ دنیا کی چوتھی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست دوسرے ترقی پذیر ممالک کو تعلیمی میدان میں ترقی کے گر سکھا سکتی ہے۔ دی اکانومسٹ کی جانب سے دنیا بھر کو یہ بات باور کروائی گئی کہ پاکستان تعلیمی اعتبار سے ترقی یافتہ ممالک کی طرح پروان چڑھ رہا ہے جو کہ ایک بہت اچھا شگون ہے۔پاکستان گزشتہ کئی سالوں سے تعلیم کے میدان میں خاطر خواہ کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ ریاست کی جانب سے وضع کردہ شاندار تعلیمی پالیسیز اور انفراسٹرکچر ہے۔ دی اکانومسٹ کے مطابق تعلیمی شعبہ میں اس انقلاب کا اصل پیش خیمہ پاکستان کا صوبہ پنجاب ہے۔اس صوبہ میں جو تعلیمی پالیسیز اپنائی جا رہی ہیں وہ ایک بہترین لیڈر شپ اور ویژن کی عکاس ہیں۔
کسی اور ترقی پذیر ملک کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ سرکاری طور پر فنڈڈ اسکولوں کو چلانے کا کام ایک بہترین امر ہے اور اس سال کے اختتام تک پنجاب میں 10000 پبلک اسکولوں کی تعمیر کی جائے گی جو کہ ایک اعلیٰ انفراسٹرکچر کا نتیجہ ہے ۔
پنجاب میں اس تعلیمی انقلاب کے آنے کی سب سے بڑی وجہ یہاں کی گورننس کا تعلیمی ویژن ہے ۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف تعلیم کے شعبہ میں ترقی کے خواہاں ہیں اور تعلیم کے شعبہ میں وہ دوسرے ممالک میں اصلاح کاروں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
صرف صوبے پنجاب میں، 0 99 1 سے لے کر اب تک ان اسکولوں کی تعداد 32000 سے لیکر 60000 تک ہو گئی ہے. اس صوبہ میں جو تعلیمی پالیسیز اپنائی جا رہی ہیں وہ ایک بہترین لیڈر شپ اور ویژن کی عکاس ہیں۔ ۔
قصہ مختصر کہ اتنے بے شمار تعلیمی پراجیکٹس کو ایک کوزے میں بند کرنا ممکن بھی نہ ہو سکے گا لیکن بات وہیں پر لاتا ہوں کہ کیاچیف جسٹس صاحب کا بیان خادم پنجاب کی کاوشوں اور انتھک محنت سے انصاف کرتا ہے۔ اسی طرح اگر پنجاب میں صحت کے شعبے پر بات کی جائے تو اتنا کہنا ہی کافی ہو گا کہ پورے پاکستان سے لوگ یہاں اپنے علاج معالجہ کے غرض سے آتے ہیں اور جس طرح پنجاب پاکستان بھر کے مریضوں کے ساتھ صحت کا انصاف کر رہا ہے کوئی اور صوبہ اس طرح سوچ بھی نہیں سکتا۔۔
ابھی چندروز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے اور جدید ترین منصوبے ’’کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ‘‘کا افتتاح کیا گیاہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے افراد اور ڈاکٹرز کی جانب سے بھی خادم پنجاب کی اس کاوش کو بے پناہ پسند کیا گیاہے۔یاد رہے 50ایکڑ پر محیط اِس انسٹی ٹیوٹ منصوبے کا بیدیاں روڈ،لاہور میں سنگ بنیاد 14اگست 2015کو بدست وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف رکھا گیا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کے پہلے مرحلے کو 25دسمبر کو مکمل کر لیا گیا۔
خادم پنجاب کے اس پراجیکٹ کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کی جا رہی ہے ۔ا مریکہ،برطانیہ،آسٹریلیا، بحرین، خلیج ، یورپ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں موجود پاکستانی ڈاکٹرز اس عظیم الشان فلاحی پراجیکٹ پر کافی خوش دکھائی دیتے ہیں اور اس بہترین کام میں اپنی خدمات کی حصہ داری بھی چاہتے ہیں ۔ اس کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کی صحت دوست پالیسیز کو جاتا ہے اور وہ پنجاب سمیت پاکستان کو صحت مند اور توانا دیکھنا چاتے ہیں ۔
لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔
پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ پراجیکٹ بھی شفافیت اوراعلی معیار کا شاہکار ہوگااورہسپتال مینجمنٹ سسٹم کے تحت پورا نظام ڈیجیٹل اورکمپیوٹرائزاڈہوگا۔یہ ہسپتال پنجاب حکومت 100فیصد اپنے وسائل سے بنا رہی ہے ۔ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ایک ماڈل ہے،ہسپتال میں گردے اور جگر کے امراض کے علاج کی جدید سہولتیں میسر ہوں گی اور نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ایسا ہسپتال نہیں ہو گا۔
اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں نئی اور جدید مشینری کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔سٹی سکین مشینوں سے لیکر بون میروٹرانسپلانٹ تک صحت کاشعبہ ترقی کے زینے چڑھ رہا ہے ۔لاہور چلڈرن ہسپتال پاکستان بھر کے بچوں کو صحت مند زندگی دلانے میں ہر پل مصروف عمل ہے۔ یہ سب ایک اچھی گورننس کے باعث ممکن ہو سکا ہے اور خادم پنجاب کی صحت سے متعلقہ پالیسیز میں بچوں کو لگائے جانے والے حفاظتی ٹیکوں سے لیکر ہیپا ٹائٹس، ایڈز کنٹرول پروگرام تک ہر چیز کا احاطہ کیا گیا ہے۔
عدلیہ میں موجود لوگوں کابھی فرض بنتا ہے کہ وہ تعریف نہیں کرنا چاہتے نہ کریں لیکن ایک ایسے انسان کے بارے بات کرنے سے پرہیز کریں جو روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں لوگوں کی دعائیں لینے والا مسیحا ہے۔
۔
نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں۔ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔