برطانوی بہوئوں میں توتومیں میں، اب لیڈی ڈیانا کی قریبی دوست اور شاہی فیملی پر کتابیں لکھنے والی خاتون بھی میدان میں آگئیں، انتہائی حیران کن انکشاف کردیا

برطانوی بہوئوں میں توتومیں میں، اب لیڈی ڈیانا کی قریبی دوست اور شاہی فیملی ...

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)شہزادہ ہیری سے شادی کے بعد برطانوی شاہی خاندان کا حصہ بننے والی امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی اپنی جیٹھانی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ساتھ ان بن کی خبریں گردش میں تھیں۔ اب چینل فائیو پر اس حوالے سے ایک ڈاکومنٹری میں شاہی خاندان پر تین کتابیں لکھنے والی معروف مصنف نے حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 69سالہ لیڈی کولن کیمپ بیل شہزادی ڈیانا کی قریبی دوست اور بااعتماد ساتھی تھیں۔ انہوں نے لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بھی ایک کتاب لکھی۔ ’کیٹ بمقابلہ میگھن: شہزادیاں جنگ کی حالت میں‘ (Kate V Meghan: Princesses At War)کے نام سے نشر ہونے والی اس ڈاکومنٹری میں لیڈی کولن نے بتایا ہے کہ شہزادہ ہیری پر میگھن مارکل کا جادو پوری طرح چل گیا ہے اور وہ کلی طور پر تبدیل ہو چکا ہے۔ وہ میگھن کی محبت میں سرشار ہے ، جس کی وجہ سے اس کے اپنے بھائی ویلیم کے ساتھ بھی تعلقات پہلے جیسے نہیں رہے۔

لیڈی کولن کا مزید کہنا تھا کہ ”اگرچہ شہزادہ ہیری اس وقت جتنے خوش ہیں زندگی میں کبھی اتنے خوش نہیں رہے تاہم شہزادہ ویلیم کے ساتھ ان کے تعلقات میں سردمہری بہت زیادہ آ گئی ہے۔ افواہیں گردش میں ہیں کہ میگھن اور شہزادی کیٹ کے درمیان جھگڑا چل رہا ہے لیکن درحقیقت یہ جھگڑا شہزادہ ہیری اور شہزادہ ویلیم کے درمیان ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ جب شہزادہ ہیری نے اپنی دلہن کے طور پر میگھن مارکل کا انتخاب کیا تو شہزادہ ویلیم نے اس سے ایک طرح کی بازپرس کی تھی۔ شہزادہ ہیری کا خیال ہے کہ اس کے بھائی نے اس کی پسند پر تنقید کی تھی اور وہ اچھا نہیں سمجھتے تھے کہ میگھن ان کی بیوی بنے۔ یہی تنقید اب بھی شہزادہ ہیری کے سر پر سوار ہے اور اس کی اپنے بھائی سے نہیں بن پا رہی۔ دوسری طرف وہ میگھن مارکل کی محبت میں اس قدر گرفتار ہو چکے ہیں کہ کسی بھی شاہی فرد پر میگھن مارکل کو ترجیح دیتے ہیں۔“

مزید : برطانیہ