بٹ خیلہ، کمر توڑ مہنگائی کیخلاف تاجروں کا سخاکوٹ بازار میں مظاہرہ

بٹ خیلہ، کمر توڑ مہنگائی کیخلاف تاجروں کا سخاکوٹ بازار میں مظاہرہ

  



بٹ خیلہ (بیورورپورٹ)ملک میں جاری کمر توڑمہنگائی اور فری ٹیکس زون ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسزکے نفاذ کے خلاف سخاکوٹ بازار میں احتجاجی جلوس نکالاگیاجلوس کی قیادت تاجر برادری کے تنظیم متحدہ ٹریڈ یونین کے صدرحمید خان لالا نے کی۔ احتجاجی جلوس تاجر برادری اور متحدہ اپوزیشن ضلع ملاکنڈ کے رہبر کمیٹی کے کال پر ہوااس دوران تمام کاروباری مراکزبند رہے جلوس میں تاجر برادری، عوا م اور متحدہ اپوزیشن کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جس پر موجودہ حکومت، مہنگائی اوناروار ٹیکسز کے خلاف نعرے درج تھے شرکاء نے بارش اور سردی کے باوجود پورے بازار کا چکر لگایا اورحکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ جلوس نے بعد ازاں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کی جس سے متحدہ اپوزیشن کے رہبر کمیٹی ضلع ملاکنڈ کے صدرمولانا سلمان تاثیر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر حمید خان،پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر حاجی محمد طیب جنرل سیکرٹری محمدیونس،عثمان علی شاہ،عوامی نیشنل پارٹی کے شفیع اللہ خان، ارشاد خان مہمند مسلم لیگ کے گل زمان خان،مشتاق خان جماعت اسلامی کے مولانا جمال الدین ٹریڈ یونین کے ڈویژنل صدر حاجی شاکر اللہ درگئی بازار کے جنرل سیکرٹری غلام حسن،حاجی نواب خان،تاج بادشاہ، حاجی اعظم خان اور دیگر نے خطاب کیا احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملاکنڈ ویژن کو فری ٹیکس زون کا قانونی اور ائینی حیثیت حاصل ہے یہاں کے عوام جان تو دے سکتے ہیں لیکن ٹیکس کسی صورت نہیں دینگے اور اگر زبردستی کی گئی تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہورہے ہیں بجلی اور گیس کے بھاری بھر بلز، خوردنی اشیاء اور ادویات کی قیمتوں میں ائے روز اضافے سے عوام میں مزید برداشت نہیں انہوں نے کہا پی ٹی ائی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ سب جھوٹ نکلے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم الیکشن سے پہلے یورپ کا مثال دیا کرتاتھا اور اب بحثیت حکمران انڈیا کے عوام کے معیار زندگی سے متاثر ہے اس لئے قوم کو بھوکا اور ننگارکھنا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ایسا سنگ دل اور ظالم حکمران نہیں دیکھا جو ظلم بھی کرتا ہو اور جھوٹے دلاسے بھی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تاجر برادری کا معاشی قتل ہو رہاہے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے پر طبقہ سراپا احتجاج ہے ملک کے اساسی نظریات کو تہہ و بالا کردیا گیاجمہوریت کو امریت کے گود میں بٹھایا گیا ہر طرف کرپشن اور ظلم کا راج ہے مگر پوچھنے والا کوئی نہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کے لئے ایک ناسور بن چکا ہے جس سے نجات وقت کا تقاضا اور ائندہ نسل پر احسان ہے

مزید : پشاورصفحہ آخر