بیروزگاری اور غربت جرائم کو جنم دے رہی ہے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان طبقہ جرائم کی طرف مائل ہو رہاہے۔ حکمرانوں کی نااہلی اور ناکام معاشی پالیسیوں سے پاکستان ایشیاء کا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے جہاں شرح مہنگائی دوسرے ہمسایہ ممالک سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کور کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہورانجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، ضیاء الدین انصاری،اظہر بلال و دیگر کور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔
ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور ڈالر کی وجہ سے ہماری معیشت کے فیصلے واشنگٹن میں ہو رہے ہیں جو لمحہ فکریہ اور تشویشناک ہے۔ موجودہ حکومت نے قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی ایماء پر ہی بجلی، گیس اور پیڑولیم منصوعات کی قیمتوں میں ہر دوسرے ماہ اضافہ کر کے مہنگائی کے ذریعے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پیڑولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے سے آٹا، چینی، دالیں، چاول، سبزیاں اور ضروریات زندگی کی تمام اشیاء غریبوں کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں جو تبدیلی سرکار کی ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔