شہریوں کے گیس بندش کے خلافسلنڈر اور لکڑیاں اٹھا کر مظاہرے

شہریوں کے گیس بندش کے خلافسلنڈر اور لکڑیاں اٹھا کر مظاہرے

  



لاہور خبرنگار) گیس کی بندش کے خلاف صارفین کا ریجنل آفس گلبرگ کے سامنے احتجاج، جی ایم سوئی گیس کمپنی شہزاد اقبال لون نے صارفین کے مسائل سنے۔ وحدت روڈ کے مکینوں نے نقشہ سٹاپ پر گیس کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ پوش علاقہ گارڈن ٹاؤن کے مکینوں نے گیس کی بندش کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ”گیس دو بل لو“ کے نعرے لگائے۔ نقشہ سٹاپ وحدت روڈ پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مظاہرین میں لکڑیاں تقسیم کیں، جس پر مظاہرین نے سلنڈروں کے ساتھ لکڑیاں بھی اٹھا کر احتجاج کیا۔ دوسری جانب ہوٹلوں، تندوروں اور بیکریوں پر گزشتہ روز بھی زبردست رش رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت نے موسم سرما کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ گھریلو سیکٹر میں گیس کی طلب کو پورا کیا جائے گا۔ اس کے باوجود گھروں میں گیس کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اس پر حکومت کو نوٹس لینا چاہیے۔ اس حوالے سے جی ایم سوئی گیس شہزاد اقبال لون کا کہنا ہے کہ ہیٹرز اور کمپرسر کا استعمال بڑھ گیا ہے جس سے گنجان آبادیوں میں گیس کے پریشر میں کمی کا سامنا آ رہا ہے جس کے لئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...