انسٹیٹیوٹ پبلک ہیلتھ کو یونیورسٹی کا درجہ دلوایا جائے گا،خالد مقبول

انسٹیٹیوٹ پبلک ہیلتھ کو یونیورسٹی کا درجہ دلوایا جائے گا،خالد مقبول

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو یونیورسٹی کا درجہ دلوانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور IPH اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی کام کو آگے بڑھانے کیلئے مختلف جامعات کے ساتھ اشتراک عمل کر رہا ہے۔ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ہیلتھ ڈلیوری سسٹم کا لازمی جزو ہیں اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج اور طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار سابق گورنر پنجاب اور چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لیفیٹننٹ جنرل (ریٹائر) خالد مقبول نے IPH میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے اگلے گریڈوں / سکیل میں ترقی کے لئے ریفریشر ٹریننگ کورس مکمل کرنے والے 60 سے زائد خواتین اور مردوں میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈین IPH پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر، فیکلٹی ممبران کے علاوہ صوبہ کے مختلف ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی۔ ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے بتایا کہ دو ہفتہ سے آٹھ ہفتہ تک کے تربیتی پروگرام میں سینٹری انسپکٹر، لیبارٹری ٹیکنیشن، ریڈیولاجی اور دیگر شعبوں میں خدمات انجام دینے والے پیرا مڈیکس شامل ہیں۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ ریفریشر کورسز کا باقائدگی سے اہتمام پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کرتا ہے جو فرائض کی احسن طریقے سے ادائیگی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت کے کام کو اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنے کی روایت مناسب نہیں اور اس سے اجتناب برتنا چاہئے۔ تقریب کے اختتام پر ٹریننگ کورس میں حصہ لینے والوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔