مسئلہ کشمیر کے حل کے لیئے عالمی برادری کردارا دا کرے، نجیب ہارون
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اورقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسسنگ وتعمیرات کے چیئرمین نجیب ہارون نے کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیئے سنگین خطرات پیدا کررہی ہے،بھارتی حکومت انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر کے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کر رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور سفاکیت کی کاروائیاں بھارت کو عالم دنیا میں تنہا کردیں گی، ان خیالات کااظہارا نہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے موقع پر حلقہ این اے 256کے مرکزی دفتر سے جاری کردہ بیا ن میں کیا، نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ ان دنوں میں کشمیر سے افسوس ناک خبریں موصول ہو رہی ہیں، معصوم کشمیریوں کو ان کے گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے، کشمیر میں ہونے والے مظالم پر ہر انسان کا دل صدمے سے دو چار ہے، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،انسانی حقوق کے اداروں کو چاہیئے کہ وہ اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے لیئے اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھائیں گے تا کہ دنیا کو یاد کرواتے رہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کس طرح معصوم لوگوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے ہی بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جارہا ہے، بھارت میں کچھ انتہاء اور شدت پسند عناصر مسلمانوں کے لیئے زمین تنگ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں مقبوضہ کشمیر میں ٖنہتے اور معصوم لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بھی اس ہی سلسلے کی کڑی ہیں، مودی سرکار اس وقت اقتدار کے نشے میں دھت ہوکر انسانی حقوق کی پامالی کر رہے ہیں لیکن شاید وہ نہیں جانتے کہ ان کا یہ عمل جہاں ان کی حکومت کو ختم کردیگا بلکہ بھارت کو اس مقام پر پہنچا دے گا جہاں بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے۔