موجودہ حالات میں قوم کا اتحاد ناگزیر ہے،پیر ہارون گیلانی

موجودہ حالات میں قوم کا اتحاد ناگزیر ہے،پیر ہارون گیلانی

  



لاہور(جنرل رپورٹر) خطے کے موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستانی قوم میں اتحاد و یکجہتی کا فروغ ناگزیر ہے۔ نظریہئ پاکستان کے ذریعے ہی ہندوتوا کے فلسفے کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ نظریہئ پاکستان ٹرسٹ عوام میں شعوری انقلاب پیدا کر رہا ہے۔ آبروئے صحافت مجید نظامی اور دیگر کارکنان تحریک پاکستان نے یہ ادارہ قائم کر کے قوم پر احسان عظیم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار دربار حضرت میاں میر صاحبؒ کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سید ہارون علی گیلانی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر چترال کے معروف سماجی رہنما رضیت باللہ بھی موجود تھے۔

صاحبزادہ پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو جو مسائل درپیش ہیں‘ ان کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں کامل اتحاد برقرار رکھیں اور فرقہ واریت‘ صوبائیت اور لسانیت کی بنیاد پر تفرقے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہنود و یہود کا مقابلہ اسی صورت ممکن ہے جب پورا عالم اسلام جسد واحد بن جائے اور اس کے حکمرانوں اور عوام کے فکر و عمل میں یک جہتی پائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظریہئ پاکستان ٹرسٹ ایک قومی نظریاتی ادارہ ہے جو اپنی قوم ساز سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانی عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکا ہے۔ شاہد رشید نے کہا کہ ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود اسلام دشمن طاقتوں کے منفی پراپیگنڈے کے سدباب میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک جدید اسلامی‘ جمہوری اور فلاحی مملکت کے قالب میں ڈھالنا ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران مشائخ عظام اور علمائے کرام نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اور ہماری کوشش ہے کہ یہ شخصیات نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے دست و بازو بن جائیں اور اس مملکت خداداد کو پورے عالم اسلام کی قوت و شوکت کا مرکز بنا دیں۔ چترال کے سماجی رہنما رضیت باللہ نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں چترال کے عوام نے ملی جوش و جذبے سے حصہ لیا تھا اور پاکستان میں شمولیت کی خاطر بڑے بڑے جلوس نکالے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا نور شہیدین‘ قاضی صاحب نظام اور دیگر دینی و روحانی شخصیات نے آل انڈیا مسلم لیگ سے بھرپور تعاون کیا تھا۔ انہوں نے نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے عہدیداران کو اپریل میں چترال کے دورے کی بھی دعوت دی۔ شاہد رشید نے نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کی مطبوعات کے سیٹ معزز مہمانوں کو پیش کیے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4