فیصل آبادکے تاجر دوسری سپلائرز اینڈ وینڈر نمائش میں حصہ لیں گے

    فیصل آبادکے تاجر دوسری سپلائرز اینڈ وینڈر نمائش میں حصہ لیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (بیورورپورٹ) نجی شعبہ کو ملکی دفاعی صنعت کا متحرک اور فعال حصہ بنانے کیلئے فیصل آباد کے صنعتکار سیو ڈیسک کے نام سے لاہور ایکسپو سنٹر میں ہونے والی دوسری سپلائرز اینڈ وینڈر ایگزی بیشن میں بھر پور حصہ لیں گے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے لاہور چیمبر کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی جنہوں نے انہیں اس دفاعی نمائش کے بارے میں بریفنگ دی۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے اس کانفرنس میں شرکت کو ایک اہم قومی ذمہ داری قرار دیا اور کہا کہ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایگزی بیشن کمیٹی کا اجلاس بلا کے نہ صرف اس نمائش کیلئے سپانسر دینے کی کوشش کریں گے بلکہ اپنے ممبروں کو اس میں زیادہ سے زیادہ سٹال لگانے کی بھی ترغیب دیں گے۔ اس سے قبل لاہور چیمبر کے وفد کے سربراہ شیخ محمد ابراہیم نے بتایا کہ اس سال سیو ڈیسک 27سے 29فروری تک انٹر نیشنل ایکسپو سنٹر لاہور کے ہال نمبر دو اور تین میں ہوگی۔ پہلے دو دن صرف ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن اور مسلح افواج کے دیگر اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے جبکہ تیسرا دن عوام کیلئے ہوگا تاکہ سٹال لگانے والے اپنے سامان کی نمائش کے ساتھ ساتھ فروخت بھی کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ نمائش میں 67کمپنیوں نے شرکت کی تھی جنہوں نے اس نمائش کیلئے بھی پیشگی بکنگ کرا دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبرز کیلئے خصوصی پویلین مختص کئے گئے ہیں یہ پویلین ایک لاکھ میں دیا جائے گاجبکہ چیمبر کے ذریعے آنے والوں کو 20فیصد رعایت بھی ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے ساتھ بات چل رہی ہے۔
کہ نمائش میں حصہ لینے والوں کو ایک سال کیلئے عارضی رجسٹریشن دے دی جائے تاکہ وہ فوری طور پر آرمی کے ساتھ کام بھی شروع کرسکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال یہ ایونٹ صرف لاہور چیمبر نے کرایا تھا جبکہ اس سال اس میں فیصل آباد سمیت ریجن کے دوسرے چیمبروں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس نمائش کا انعقاد ایک قومی فریضہ ہے جسے منافع کیلئے ترتیب نہیں دیا گیا۔ تاہم اس کے ذریعے نہ صرف نجی شعبہ اور مسلح افواج کے پیداواری یونٹوں میں رابطے مستحکم ہوں گے بلکہ ملکی دفاعی پیداوار میں اضافہ سے درآمدات کو بھی کم کرنے میں مددملے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نمائش کے آخری روز صدر، وزیر اعظم یا آرمی چیف کو بطور مہمان خصوصی بلا کے سٹال لگانے والے چیمبروں کے صدور میں سوونیر بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور سیو ڈیسک کے بارے میں دو الگ الگ دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جبکہ سوال وجواب کی نشست میں انجینئر عاصم منیر، فاروق یوسف، رانا اکرام اللہ، انجینئر بابر شہزاد، حبیب الرحمن گل، بختیار احمد، محمد فخری، میاں انجم نثار، عبداللہ قادری، احسن سکا، انعام افضل خاں اور سید کامران علی نے حصہ لیا۔ آخر میں سابق صدر مزمل سلطان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے لاہور چیمبر کے شیخ محمد ابراہیم کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔

مزید :

کامرس -