تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں تعاون کرینگے،اسلام آبادچیمبر 

تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں تعاون کرینگے،اسلام آبادچیمبر 

  



 اسلام آباد (این این آئی) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی الیون مرکز اسلام آباد کے ایک وفد نے صدرچوہدری آفتاب گجر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اپنی مارکیٹ کو درپیش اہم سائل سے چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا۔  فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی الیون مرکز اسلام آباد کے صدرچوہدری آفتاب گجر اور سیکرٹری جنرل سید قیصر عباس کاظمی نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی عدم توجہ کی وجہ سے ان کے تجارتی مرکز میں بنیادی سہولیات کا فقدان  ہے جس وجہ سے تاجر برادری کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ دستیاب نہیں ہے جس وجہ سے تاجر برادری پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے جی الیون مرکز میں پبلک باتھ رومز کی سہولت دستیاب نہیں ہے جو تاجروں کیلئے باعث تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی الیون مرکز میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے جس سے تاجر برادری سمیت علاقے کے رہائشیوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی الیون مرکز میں ترقیاتی کاموں کی صورتحال بالکل غیر تسلی بخش ہے کیونکہ سڑکیں اور فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور پارکنگ کی سہولت بھی میسر نہیں ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی الیون میں گھروں میں جاری کمرشل سرگرمیاں فوری طور پر بند کرائی جائیں۔ انہوں نے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فلٹریشن پلانٹ، باتھ رومز اور پارکنگ سمیت جی الیون مرکز کو درپیش دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کریں اور مرکز میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں تا کہ جی الیون میں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے جس سے معیشت مستحکم ہو گی۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ جی الیون مرکز اسلام آبادکا ایک اہم کاروباری مرکز ہے لہذا سی ڈی اے اور ایم سی آئی اس کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کی تاجر وصنعتکار برادری سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان اداروں میں ضروری اصلاحات لا کر ان کی کارکردگی کو بہتر کرنے پر توجہ دے کیونکہ کاروباری سرگرمیوں کوبہتر فروغ دینے کیلئے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کا قریبی تعاون اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو جی الیون مرکز میں بجلی کی لٹکتی ہوئی تاروں کو فوری طور پر درست کرنے کی کوشش کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر جی الیون سمیت دیگر مارکیٹوں کے مسائل حل کرانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری، وقار ملک،آصف شاہ، وقار گجراور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جی الیون مرکز میں ترقیاتی کاموں کو فوری شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

مزید : کامرس