فیڈمک کا وفد تجارت بڑھانے کیلئے ہانگ کانگ کا دورہ کریگا

    فیڈمک کا وفد تجارت بڑھانے کیلئے ہانگ کانگ کا دورہ کریگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (آن لائن) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کا اعلی سطح کا وفد باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے جلد ہانگ کانگ کا دورہ کرے گا۔ ہانگ کانگ کیلئے پاکستان کے نامزد قونصل جنرل بلال احمد بٹ نے منگل کو یہاں فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے خیرسگالی ملاقات کی اور سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش کے علاوہ باہمی تجارت میں اضافے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ بلال احمد بٹ نے کہا کہ پاکستان نہ صرف برآمدات کی بہت بڑی صلاحیت کا حامل ہے بلکہ یہ 20 کروڑ آبادی کی ایک تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ بھی ہے جس میں دوطرفہ تجارت کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ 7.5 ملین آبادی کے ساتھ 1052 مربع کلومیٹر خطے کا سب سے اہم مالیاتی مرکز ہے جس کا دنیا کے ساتھ تجارتی حجم 100 بلین ڈالر سے زیادہ ہے جبکہ ہانگ کانگ کے ساتھ پاکستان کی تجارت صرف 850 ملین امریکی ڈالر ہے جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ انہوں نے میاں کاشف کو مواقع اور چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


 انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین جواہرات، جیولری، طب، دستکاری، چمڑے اور تازہ پھلوں کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دیگر ممالک خصوصا چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں فیڈمک کے چیئرمین کی کاوشوں کا بھی سراہا۔ میاں کاشف اشفاق نے بلال احمد بٹ کو ہانگ کانگ میں پاکستانی مشن کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے قیام کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ پاکستان اور ہانگ کانگ کے نجی شعبے سی پیک کے تحت فیڈمک کے ترجیحی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں حاصل کاروباری مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ میاں کاشف نے مزید کہا کہ پاکستان ہانک کانگ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے کیونکہ اس وقت باہمی تجارت دونوں ممالک کی صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری ویزا کا بروقت اجراء، براہ راست پروازوں کی عدم موجودگی اور تجارت میں تکنیکی رکاوٹوں جیسے متعدد چیلنجز پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے فیڈمک کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کم قیمت پر خام مال، تربیت یافتہ افرادی قوت، وسطی ایشیائی ریاستوں اور خلیجی ریاستوں تک مارکیٹنگ کے لئے آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹو پارٹس، برقی اور الیکٹرانک سامان، ہائی ٹیک اور لائٹ انجینئرنگ، گھریلو اپلائینسز، پیکیجنگ، پلاسٹک اور پلاسٹک کی مصنوعات اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں پاکستان میں مشترکہ منصوبے قائم کرنے کی بھر پور گنجائش موجود ہے۔

مزید :

کامرس -