پارلیمنٹ نے پاکستان مخالفین کا پروپیگنڈا دفن کر دیا، یکجہتی کی فضا کو آگے بڑھانا چاہئے: فردوس عاشق

پارلیمنٹ نے پاکستان مخالفین کا پروپیگنڈا دفن کر دیا، یکجہتی کی فضا کو آگے ...

  



ٍٍاسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے حکومتی ترجمانوں کا کہنا ہے کہ اہم قانون سازی پر سیاسی جماعتوں نے برد باری دکھائی،جب کوئی چیلنج سامنے آتا ہے تو تمام سیاسی جماعتیں اور قیادت سیاسی مفادات سے باہر نکل کر قومی مفاد کو ترجیح دیتی ہیں، یہ یکجہتی پارلیمنٹ سے نظر آتی رہے گی،پارلیمنٹ افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، 2020امید اور 22 کروڑ عوام کیلئے ریلیف کا سال ہے، قوم کو مشکلات سے نکالنے کی جوائنٹ اسٹریٹجی کو آگے بڑھاتے رہیں گے،سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے یکجہتی کی فضا کو آگے بڑھنا چاہئے، خوش آئند بات ہے کہ اتفاق رائے سے بل پاس ہوا،پارلیمنٹ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوتی رہے گی،پاکستان کے مخالفین ایف اے ٹی ایف کے اندرپاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں،پاکستان کے مخالفین کے پروپیگنڈے کو پارلیمنٹ نے دفن کر دیا، پارلیمنٹ نے ان کے ارمانوں کو ملیا میٹ کر دیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرسینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،پیپلز پارٹی نے مجوزہ ترامیم قومی مفاد میں واپس لے کر حب الوطنی کاثبوت دیا، پاکستان کے مخالفین آنکھیں کھول کر دیکھ لیں، یہ یکجہتی پارلیمنٹ سے نظر آتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ مشکلات کے خاتمے کا سال ہے، اس سے عمل کو ریلیف ملے گا، پارلیمنٹ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوتی رہے گی، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کا جو اس وقت بیرونی محاذ پر جوچیلنج ہے وہ نیشنل سیکیورٹی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اداروں کے اندر سے کرپشن کا خاتمہ بھی نیشنل سکیورٹی کا اہم جزو ہے، ہمارا کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا ہے،ادارے اپنا کام کرتے رہیں گے، عمران خان اداروں میں اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں، قائمہ کمیٹیوں میں سب جماعتوں کی نمائندگی ہوتی ہے، اپوزیشن اپنی تجاویز لائے وہ قوم کے مفاد میں ہوئیں تو حکومت ان ترامیم کو منظور کرائے گی،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احتساب ملک اور قوم کی ضرورت ہے، اگر کسی نے کچھ غلط نہیں کیاتو اس کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، اداروں کو کام کرنا ہے، نیب بھی ایک ادارہ ہے، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ اتفاق رائے سے بل پاس ہوا، کچھ ایسی قانون سازی ہوتی ہے جس کو لمبا کھینچا جاتاہے، زینب الرٹ بل کمیٹی میں پھنسا ہوا تھا۔بعدازاں چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی اور   ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز عمر لودھی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ حق دار کو حق پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عام پاکستانی کی مشکلات کم کرنے کیلئے 7ارب روپے کا پیکیج دیا گیا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سستے داموں بنیادی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عہد ہے کہ جوں جوں مالی پوزیشن مستحکم ہوتی جائے گی اس کی آسانی اور فائدہ پاکستانی عوام کو منتقل کیا جائے گا۔  چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ہر ماہ ایک ارب کا ریلیف پیکیج دیا جائے گا، ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کی تعداد چار ہزار سے بڑھا کر دس ہزار کرنے کا ہدف ہے، غریب اور مستحق خاندانوں کو جلد راشن کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز عمر لودھی نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز صارفین کیلئے شناختی کارڈ کی شرط رکھی گئی ہے تا کہ اشیاء چند صارفین تک محدود نہ ہوجائیں۔ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورزنے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے الگ پیکیج کا اعلان ہو گا۔

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول