سانحہ پی آئی سی کیس، وکلاء اور ڈاکٹرز کے درمیان صلح ہوگئی

  سانحہ پی آئی سی کیس، وکلاء اور ڈاکٹرز کے درمیان صلح ہوگئی

  



لاہور(کرائم رپورٹر)پی آئی سی حملہ کیس، وکلاء اور ڈاکٹرز کے درمیان صلح ہوگئی، واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی جاری ر کھنے اور جاں بحق ہونیوالے مریضوں کی یاد میں بنائے گئے چبوترے پر وکلاء کیخلاف درج تحریر ختم کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطا بق سی سی پی او کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں وکلاء رہنماؤں اور ڈاکٹروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وکلاء نمائندوں میں صدر ہا ئیکورٹ بار حفیظ الرحمان چودھری، سابق وائس چیئرمین پنجاب بارچوہدری شاہنواز اسماعیل گجر، صدر لاہور بارعاصم چیمہ اور سابق صدر ہا ئیکورٹ بار اصغر گل شریک ہوئے۔ ڈاکٹروں کی جانب سے ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر امیر اور ڈاکٹر ذیشان سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلا س میں ڈی آئی جی آپریشن، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن بھی موجود تھے۔ وکلاء اور ڈاکٹرز کے نمائندوں نے اس بات بار اتفاق کیا کہ پی آئی سی واقعہ کے جو افراد ذمہ دار ہیں ان کیخلاف درج مقدمات کی کارروائی قانون کے مطابق جاری رکھی جائے۔وکلاء اور ڈاکٹرز نمائندوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پی آئی سی میں جاں بحق ہونیوالے مریضوں کی یاد میں بنائے گئے چبوترے پر وکلاء کیخلاف درج تحریرختم کر کے وہاں قرآنی آیات ”اللہ کی رسی کومضبوطی سے تھامے رکھو“ تحریرکی جائے۔وکلاء رہنما آج ہائیکورٹ بار میں پی آئی سی واقعہ پر ہونیوالی صلح کے حوالے سے پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ 

وکلا، ڈاکٹر صلح

مزید : صفحہ اول