آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس،رانا ثناء کی اہلیہ، بیٹی اور داماد بھی شامل تفتیش
لاہور(خبرنگار)قومی احتساب بیورو(نیب)نے مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ان کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کو بھی شامل تفتیش کرلیا۔ذرائع کے مطابق نیب نے رانا ثنااللہ کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کو بھی اثاثہ جات سے متعلق آ گاہی کیلئے پرفارمہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیملی کے تینوں اراکین سے متعلق نیب نے رانا ثنااللہ سے سوال وجواب کیے تھے۔راناثنا اللہ سے ان کے داماد شہریار رانا کے ذرائع آمدن اور بیٹی کے نام پر اثاثوں کی تفصیل پوچھی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق نیب نے رانا شہریا ر کے اثاثوں کی چھان بین بھی شروع کردی ہے کیونکہ تفتیشی حکام کا الزام ہے رانا ثنا اللہ نے اپنے اثاثے خاندان کے نام پر بنا رکھے ہیں۔نیب کا الزام ہے رانا شہریار سابق وزیر قانون کے بینیفشری ہیں، اسلئے ان کے اثاثوں کی چھان بین کے متعلقہ اداروں سے ریکارڈ حا صل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رانا ثناء اثاثے کیس