بھٹو شہید نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، تصورچودھری
لاہور(شہزاد ملک:تصاویر،ندیم احمد) پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر تصور چودھری نے کہا ہے کہ اگر ذوالفقار علی بھٹو شہید کو قتل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان عالم اسلام کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے ممالک کو لیڈ کررہا ہوتا مگر پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کو یہ بات ہضم نہ ہوئی اور انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو راستے سے ہٹا دیا ان کے بعد ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو نے ان کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے جدوجہد کی مگر جمہوریت کے دشمنوں نے ان کو بھی راستے سے ہٹا دیا وہ چاہتی تو لندن امریکہ دوبئی یا پھر سعودی عرب میں بیٹھ کر اپنی زندگی گذار سکتی تھیں مگر انہوں نے پاکستان کی عوام کی خاطر موت کو گلے لگا لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھٹو شہید کے خاندان کااحسان ہے کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم سعودی عرب میں بیٹھ کر ان کی پارٹی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ان خیا لات کااظہار انہوں نے روز نامہ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے سب سے پہلے بی بی شہید نے سعودی عرب میں پارٹی کا چیف آرگنائزر بنایا گیا۔پھر میری جدوجہد کو دیکھتے ہوئے بی بی نے مجھے سعودی عرب میں پارٹی کا صدر بنا دیا اور آج میں پارٹی کے صدر کے طور پر کام کررہا ہوں دیار غیر مین سیاست کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے مگر ہم اس کے باوجود کام کررہے ہیں اور ہمیں عوام اکی جانب سے ایک اچھا رسپانس بھی مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک پنجاب میں پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونے کا تعلق ہے تو ہمیں پنجاب میں یہاں کے لوگوں نے اس لئے نہیں آنے دیا کہ ان کو پتہ ہے کہ اگر یہ عوامی جماعت ادھر آگئی تو پھر ان کا کیا بنے گا۔
تصور چودھری