پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے این آر او کی خاطر آرمی ایکٹ کی حمایت کی: سراج الحق 

  پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے این آر او کی خاطر آرمی ایکٹ کی حمایت کی: سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اوکاڑہ، اوتھل/بیلہ (بیورورپورٹ، آن لائن) جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہماری جماعت کا اصولی موقف ہے کہ ہم عوام کیلئے اور اداروں کے استحکام کیلئے اور اصولوں کی بنیاد پر کھڑے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن اپنی مجبوری کے ساتھ کھڑے ہیں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) اس ایکسٹینشن کی اس بل میں اپنے اپنے لیئے این آر او لینے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ کے تاریخی شہر بیلہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں،عوام پہلے مایوس اب غصے میں ہیں۔  اسلام آباد ایک لاوارث شہر بن گیا۔انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کی جنگ ہوئی تو انتہائی خطرناک صورتحال ہے اور شعلہ ایک بار بھڑ اٹھا تو سمندر میں بھی آگ اور شہروں میں بھی آگ ہوگی۔ مغربی دنیا کو چاہیے کہ وہ ٹرمپ کو روکیں اور دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بندر گاہ تباہ و برباد ہوگئی ہے، ترقی کاالٹا پہیہ گھوم رہا ہے عمران خان کی معاشی پالیساں ناکام ہیں ان کے وعدے سب جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ ٹرمپ ایک ہفتے میں پانچ جھوٹ بولتے ہیں اور ہماری حکومت ہرروز۔ اب ان دونوں کے درمیان جھوٹوں کا مقابلہ ہے، دیکھتے ہیں کہ یہ ٹرافی کون جیتتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سینیٹ میں بھی ہمیشہ بلوچستان کی نمائندگی کی ہے۔ بلوچستان کے وسائل کا غلط استعمال ہورہا ہے۔ گزشتہ عرصے میں 76 بلین میں سے 37 بلین بلوچستان جیسے غریب صوبے میں استعمال نہ ہوسکے اگر یہ 37 ارب روپے استعمال ہوتے تو یہاں غربت ختم ہوسکتی ہے یہاں ہر علاقے میں ہسپتال اور اسکول بن سکتے تھے ۔ ہم بلوچستان کے حقوق کیلئے لڑنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی لسبیلہ کے امیر عبدالمالک رونجہ کے جانب سے دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک کشتی کے سوار ہیں اگر یہ کشتی ڈوب گئی تو سب کو برابر نقصان ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی۔صوبائی جنرل سیکریٹری ہداہت الرحمن بلوچ۔نائب امیر ڈاکٹر داد رحمن۔حافظ صفی اللہ۔ولی خان شاکر۔عبدالمالک رونجہ۔کرامت علی۔نصر اللہ۔حبیب خان سمیت دیگر بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکناں موجود تھے جبکہ سردار عبدالمجید جاموٹ۔یونس خان رونجہ نے بھی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی حالات نے عوام کو ڈپریشن اور فر سٹریشن میں مبتلا کر رکھا ہے غربت،مہنگائی،بے روز گاری اور بدامنی کی وجہ سے ہر شہری مایوسی کاشکار ہے۔لاکھوں اور کروڈوں میں کھیلنے والوں کو بھی الفاظ ساتھ نہیں دے رہے۔ ملک میں ایک افراتفری اور ان دیکھی جنگ ہے جس نے ہر پاکستانی کو پریشان کر رکھا ہے۔جن عظیم مقاصد کیلئے پاکستان حاصل کیا تھا۔ انہیں جان بوجھ کر پس پشت ڈالا گیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی پنجاب چوہدری رضوان احمد سے گفتگو  کرتے ہوئے کیا سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے۔پاکستان مخص زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ایک نظریے اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کا نام ہے۔جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ ملک وقوم کے تمام مسائل حل شریعت کے نظام میں ہے۔


سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -