ایکسیئن کا کرائے کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ،تبدیلی کے بعد اعلی افسران نے دوبار ہ لگوادیا

ایکسیئن کا کرائے کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ،تبدیلی کے بعد اعلی ...

  



لاہور(ارشدمحمود گھمن /سپیشل رپورٹر)پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن وفاقی کالونی لاہورنصیر ضیاء کی جانب سے گزشتہ 2سالوں کے دوران چمبہ ہاؤس، وفاقی کالونی کے 100سے زائدسرکاری گیسٹ ہاؤسزکے رینٹ کی مد میں مبینہ طور پرقومی خزانے کوکروڑوں روپے نقصان پہنچانے کاانکشاف ہوا ہے۔وفاقی وزیر ہاؤسنگ طاہر بشیر چیمہ نے مذکورہ افسر کوتبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے خلاف انکوائری کاحکم دیالیکن اعلیٰ افسران نے مہمانوں اور منظورنظرافرادکو گیسٹ رومز میں محفلیں سجھانے اور دیگرسہولیات سے نوازنے پر مذکورہ افسر کوانکوائری سے بچاکر ایکسیئن وفاقی کالونی لاہورتعینات کروادیا۔تفصیلات کے مطابق ایکسیئن نصیرضیاء سرکاری گیسٹ رومز کو اپنے پرائیویٹ من پسند اورمنظور نظر افراد کوفراہم کرتارہاجبکہ اس پر ان کی جمع ہونے والی آمدن عملہ کے ساتھ ساز باز کرکے ہڑپ کرنے کاالزام بھی ہے،پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے سرکاری گیسٹ ہاؤس چمبہ ہاؤس میں 5بلاک پرمشتمل 64گیسٹ رومز قائم ہیں، جن کو سرکاری افسران اور منسٹر صاحبان اپنے دورہ کے موقع پر استعمال کرتے ہیں جس کا باقاعدہ طور پر کرایہ 2500اور5ہزار روپے اداکیا جاتاہے،مذکورہ بل کی ادائیگی متعلقہ محکمہ کے افسران یا وزراء کے محکموں سے لی جاتی ہے۔پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ نے چمبہ ہاؤس لاہور کے ایکسیئن نصیر ضیاء کو28مارچ 2016ء کو تعینات کیا جبکہ موجودہ حکومت نے یکم اپریل2018ء کو اسے تبدیل کرکے وفاقی کالونی لاہور کا ایکسیئن مقررکردیا۔مذکورہ ایکسیئن نے اپنی دوسالہ تعیناتی کے دوران چمبہ ہاؤس کے 5بلاکس پر مشتمل گیسٹ رومزکو اپنے عزیزواقارب اور دوستوں کودرجن سے زائدگیسٹ رومز فراہم کرکے قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا،ذرائع کے مطابق مذکورہ ایکسیئن کی گزشتہ 2سال کی تعیناتی کے دوران ان گیسٹ رومز رینٹ کی مد میں ماہانہ ایک کروڑ50لاکھ روپے بنتے ہیں جبکہ ان کی تعیناتی کے دوران قومی خزانہ میں جمع کروانے والی رقم 30کروڑ روپے بنتی ہے مگر مذکورہ آفیسر نے صرف 3کروڑ روپے روپے جمع کروائے اور باقی رقم مبینہ طور پر عملہ سے سازباز کرکے ہڑپ کرلی۔یادرہے کہ مذکورہ ایکسیئن کی کرپشن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ طاہربشیر چیمہ نے اس کے خلاف کارروائی کرنے اور اسے فوری طور پر تبدیل کرنے کااحکامات جاری کئے مگر محکمہ کے اعلیٰ افسران نے مذکورہ افسر کی جانب سے ان کے مہمانوں سمیت دیگر منظور نظرافرادکو گیسٹ رومز میں محفلیں سجھانے اور دیگر ممنوعہ سہولیات سے نوازنے پراسے انکوائری سے بچاکر ایکسیئن وفاقی کالونی لاہورتعینات کردیا،ذرائع نے بتایا کہ آج کل وفاقی کالونی میں سرکاری گیسٹ ہاؤسز میں بھی مبینہ طور پر کرپشن کرنے اور اپنے من پسندافراد کو گیسٹ رومز فراہم کرنے اور وہاں پر ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے چرچے عام ہیں،اس حوالے سے ایکسیئن نصیر ضیاء سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے سے انکارکردیا۔

کروڑو ں کا ٹیکہ

مزید : صفحہ آخر


loading...