حکومت نیٹ بال کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریگی، اکبر حسین درانی 

حکومت نیٹ بال کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریگی، اکبر حسین درانی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 کراچی(این این آئی)حکومت ملک میں دیگر کھیلوں کی طرح نیٹ بال کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سنٹر میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی نے پی این ایف ایلیٹ ڈویلپمنٹ گرلز پرگروام کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن فیڈریشن (پی این ایف) کے صدر مدثر رزاق آرائیں اور پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سنٹر کے ڈائریکٹر رفیق پیرزادہ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ برس پاکستان میں کھیلی جانے والی ساؤتھ ایشین گیمز میں نیٹ بال کے کھیل کو شامل کیا جائے گا اور حکومت نے ساؤتھ ایشین گیمز پاکستان میں منعقد کروانے کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی ہیں 

  اور ساؤتھ ایشین گیمز میں کھیلوں کے مقابلے اسلام آباد کے علاوہ دوسرے مختلف شہروں میں بھی منعقد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پاکستان تین بار ساؤتھ ایشین گیمز 1989، 1994 اور 2004ء کی میزبانی کے فرائض انجام دے چکا ہے، انہوں نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں کو ہدایت کی کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کرکے مضبوط ٹیمیں تیار کی جائیں اور حکومت ملک کھیلوں کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا میں لڑکے اور لڑکیوں کے کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں لڑکوں کے مقابلوں میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ہاکی، فٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں، جبکہ لڑکیوں کے مقابلوں میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ہاکی، والی بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے رکھے گئے ہیں اور مقابلے15 جنوری تک جاری رہیں گے، پی این ایف کے صدر مدثر آرائیں نے وفاقی سیکرٹری اکبر حسین درانی کو یقین دلایا کہ آئندہ پاکستان میں منعقد ہونے والی ساؤتھ ایشین گیمز میں نیٹ بال کے کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کرکے ملک کا نام روشن کریں گے۔ مدثر آرائیں نے وفاقی سیکرٹری کو پی این ایف ایلیٹ ڈویلپمنٹ گرلز پرگروام کے حوالے سے مکمل بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کی انٹرنیشنل سطح پر نیٹ بال کے میدان میں کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نیٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باوجود پاکستان نے انٹر سطح پر کئی چاندی کے میڈلز حاصل کررکھے ہیں۔ جس پر اکبر حسین درانی نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر کو حکومت کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ آخر پر این ایف ایلیٹ ڈویلپمینٹ گرلز پرگروام میں شرکت کرنے والی کھلاڑیوں کا وفاقی سیکرٹری سے تعارف کروایا گیا-