قومی انڈر 19ٹیم کے کپتان روحیل نذیر ورلڈکپ جیتنے کیلئے پر عزم

قومی انڈر 19ٹیم کے کپتان روحیل نذیر ورلڈکپ جیتنے کیلئے پر عزم

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی انڈر 19ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے کے عزم کا اظہار کردیا۔جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز کی طرح نام کمانے کے خواہشمند انڈر 19کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی ہیں جو اس سے قبل بھی پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ جنوبی افریقا کی کنڈیشنز میں بہترین کھیل پیش کرکے ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں گے۔عماد وسیم کو اس مقام تک پہنچانے کا کریڈٹ دینے والے روحیل نذیر کا کہناہے عماد وسیم نہ صرف انہیں اہم ٹپس دیتے ہیں بلکہ عمدہ کارکردگی دکھانے پر ہمیشہ حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ احمد شہزاد کو کھیلتے دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین اے سی سی یوتھ انڈر 19ایشیا کپ 2017اور 2018، آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ2018اور اے سی سی ایمرجنگ کپ2019میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ روحیل نذیر نے گزشتہ ماہ اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ 2019کے فائنل میں شاندار سنچری اسکور کرکے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔اسلام آباد سے تعلق رہنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020میں قومی اسکواڈ کی قیادت کریں گے۔ ٹیپ بال سے کرکٹ کا آغاز کرنے والے روحیل نذیر کو 2017میں آسٹریلیا کے خلاف قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں بھی وکٹ کیپر بیٹسمین نے شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا تھا۔2018میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے نوجوان وکٹ کیپربیٹسمین نے رواں سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل سمیت 6میچوں میں 320رنز اسکور کیے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ وہ گذشتہ سال اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...