کوئٹہ، ایف سی گاڑی کے قریب بم دھماکہ، 2افراد جاں بحق، 13زخمی
کوئٹہ(آئی این پی)دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں انتہائی حساس علاقے مکانگی روڈ پر ایف سی کی گاڑی کو ٹارگٹ کرتے ہوئے دھماکے سے اڑا دیا، 2افراد جاں بحق،13 زخمی ہو ہوگئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ زخمیوں میں راہگیر بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکا رش والے علاقے میں گاڑی کے قریب ہوا۔دوسری جانب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی حرکت میں آئے اور موقع پر پہنچ کر علاقے کو تمام قسم کی آمدورفت کیلئے سیل کردیا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا کوئٹہ کے انتہائی حساس علاقہ میں ہوا جس میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ بم دھماکے میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
کوئٹہ بم دھماکہ