امریکہ ایران کشیدگی کے اثرات پاکستان پر بھی ، سٹاک ایکسچینج میں مندی اور ڈالر مہنگا ہو گیا

امریکہ ایران کشیدگی کے اثرات پاکستان پر بھی ، سٹاک ایکسچینج میں مندی اور ...
امریکہ ایران کشیدگی کے اثرات پاکستان پر بھی ، سٹاک ایکسچینج میں مندی اور ڈالر مہنگا ہو گیا

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )گزشتہ شب ایران نے عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں نشانہ بنایا اور دعویٰ کیاہے کہ اس حملے کے دوران 80 افراد مارے گئے ہیں جبکہ امریکہ کو جنگی سازو سامان کی تباہی کا بھاری نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے تاہم ان سب کے علاوہ آج پاکستان میں کاروبار کا آغاز بھی حوصلہ افزا نہیں رہا ۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح کاروبار کا آغاز ہوا تو انٹر بینک میںڈ الر کی قدر میں 20 پیسے اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد ڈالر 155 روپے 20 پیسے پر ٹریڈ کر رہاہے جبکہ دوسری جانب سٹا ک ایکسچینج میں بھی مندی کا رجحان پیدا ہو گیاہے ۔ سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہوا 100 انڈیکس 41 ہزار 904 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں مندی کا رجحان پیدا ہو گیا اور انڈیکس 288 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 41 ہزار 615 پر آ گیا ۔

یاد رہے کہ آج صبح ایران نے عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو بلیسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا جبکہ دوسری جانب ایران میں یوکرائن کا طیارہ بھی فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس میں 170 سے زائد لوگ سوار تھے اور تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔

مزید : بزنس