”ہم 4 روزہ ٹیسٹ میچ کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں“
کیپ ٹاﺅن (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ جنوبی افریقہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی 4 روزہ ٹیسٹ میچ کی تجویز کے حق میں ووٹنگ سے قبل ہی ووٹ کاسٹ کر دیا ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ اس تجویز کی حمایت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ میڈیا میں کچھ بے بنیاد رپورٹس سامنے آئی تھیں جس کی وجہ سے ہم واضح کرتے ہیں کہ کرکٹ جنوبی افریقہ کی آفیشل پالیسی 4 روزہ ٹیسٹ کی حمایت ہے، یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے ہی زمبابوے کیخلاف پہلا 4 روزہ ٹیسٹ کھیلا تھا۔
اس سے قبل انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ بھی اس تجویز کی حمایت کر چکا ہے جبکہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ بھی اسی قسم کا عندیہ دیا ہے البتہ پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے اس تجویز کو ایشیائی ٹیموں کیخلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سپنرز سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، تاہم اب دیکھنا یہ ہو گا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اس حوالے سے کیا فیصلہ کیا جاتا ہے۔