پنجاب حکومت نے نئی قرضہ سکیم کی منظوری دے دی،مرد وخواتین کیساتھ خواجہ سراء بھی استفادہ کرسکیں گے

پنجاب حکومت نے نئی قرضہ سکیم کی منظوری دے دی،مرد وخواتین کیساتھ خواجہ سراء ...
پنجاب حکومت نے نئی قرضہ سکیم کی منظوری دے دی،مرد وخواتین کیساتھ خواجہ سراء بھی استفادہ کرسکیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ کیلئے نئی قرضہ سکیم شروع کرنے کی منظوری دی گئی،سکیم کے تحت نئےکاروباریاموجودہ کاروبار کےلئےآسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا،سکیم کے تحت50لاکھ روپے تک کا قرضہ لیا جا سکے گا۔مرد اورخواتین کے ساتھ خواجہ سراء بھی قرضہ سکیم سے استفادہ کرسکیں گے،قرضہ مینوفیکچرنگ،سروسز اورٹریڈنگ کے شعبوں کیلئے دیا جائے گا،بینک آف پنجاب قرضہ سکیم کے اجراء کے حوالے سے پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن سے تعاون کرے گا۔ اجلاس میں کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کیلئے بھی قرضہ سکیم کے آغاز کی منظوری دی گئی۔اس سکیم کے تحت ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے تک کا قرضہ آسان شرائط پر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قرضہ سکیموں سے متعلقہ ضروری امور جلد نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کے تحت اہم امور طے کر کے سکیموں کو جلد لانچ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی، نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سرمائے کی کمی کے باعث کاروبار کو وسعت نہ دینے والی صنعتوں کو ان قرضہ سکیموں سے بہت فائدہ ہوگا۔اجلاس کے دوران قرضہ سکیم کا نام ”پنجاب روزگار“رکھنے کی تجویزپر غور کیاگیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن نےسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز لون پروگرام کےاہم خدوخال کےبارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال،صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز صنعت، خزانہ، اطلاعات،قائمقام صدر بینک آف پنجاب، سپیشل یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔