ایران امریکہ کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں، قیام امن کے لیے دیگر ممالک سے رابطے شروع کر دیے:شاہ محمود قریشی

ایران امریکہ کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں، قیام امن کے لیے دیگر ممالک سے رابطے ...
ایران امریکہ کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں، قیام امن کے لیے دیگر ممالک سے رابطے شروع کر دیے:شاہ محمود قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں ہے،خطے میں قیام امن کے لیے دیگر ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران، امریکہ کشیدگی کے حوالے سے اپنےویڈیو بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ عرصہ دراز سے کشیدگی کا شکار ہے، 3 جنوری کے واقعات اور پھر 8 جنوری کو علی الصبح سامنے آنے والے ردعمل نے کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خطہ مزید کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ معاملات کو سلجھایا جائے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران امریکہ کشیدگی کی صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئےپاکستان نےخطے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے۔ میری خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے بات ہوئی ہےاوراُن سب کی یہی رائے ہے کہ ہم مل جل کرخطےکےامن و استحکام کے لیےاپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے خصوصی ہدایت کی ہے کہ میں امن کی خواہش کو آگے بڑھانے اور معاملات کو سلجھانے کے لیے ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کروں،میں نے امن کے قیام کے لیے رابطے شروع کر دیے ہیں تاکہ خطے کو جنگ سے بچانے کے لیے اور قیام امن کے لیے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئےکہا تھا کہ میں نے ہدایات دی ہیں کہ وزیرخارجہ ایران، سعودی عرب اور امریکہ جاکر ان ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملیں جبکہ آرمی چیف متعلقہ عسکری قائدین سے روابط قائم کریں اور واضح پیغام دیا جائے کہ پاکستان امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تو  تیار ہے مگر وہ دوبارہ کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بن سکتا۔

مزید :

قومی -