آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں مزیدگواہان ریکارڈ سمیت طلب 

 آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں مزیدگواہان ریکارڈ سمیت طلب 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج امجدنذیرچودھری نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں مزیدگواہان کو ریکارڈ سمیت پیش ہو کر اپنے بیان قلمبند کروانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت14جنوری تک ملتوی کردی۔گزشتہ روزعدالت میں مقدمہ کے گواہان کاشف مغل، حسان علی، عثمان انور، آصف علی اور امین ساجد پر جرح مکمل کی گئی، ملزمان کے پاس ریکارڈ نہ ہونے پر عدالت نے دیگر گواہوں کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ اور بسم اللہ کنسٹریکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی۔،یادرہے کہ عدالت نے اس کیس میں شہبازشریف اور فواد حسن فواد کو مستقبل حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے، کیس میں ملوث دیگر ملزمان میں فواد حسن فواد، بلال قدوائی، امتیاز حیدر,اسرار سعید اور عارف بٹ وغیرہ شامل ہیں، 10ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی جا چکی ہے، نیب کی جانب سے مقدمے میں 86 گواہان شامل ہیں۔ نیب ریفرنس کے مطابق 16 ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم کے لئے 61کروڑ روپے جمع کروائے،پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20جنوری 2015کو معاہدہ کیا،3 سال گزرجانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا،کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 64 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔
گواہ طلب

مزید :

علاقائی -