فیروز والہ، آئل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ، 3مزدور جاں بحق 

  فیروز والہ، آئل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ، 3مزدور جاں بحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 شیخوپورہ،فیروز والہ (بیورو رپورٹ،نمائندہ پاکستان) رانا ٹاؤن آدھیاں روڈ پر واقع فرنس آئل ملز میں بوائلر پھٹ جانے سے زور دار دھماکہ، تین مزدوربری طرح جھلس کر جاں بحق، دھماکے کے باعث فیکٹری کی چھت اڑ گئی، فیکٹری میں کھڑے دو آئل ٹینکر بھی آگ کی زد میں آکر بری طرح متاثر جبکہ بوائلر دھماکے کے باعث فیکٹری کے باہر نالے میں جا گرا، لاہور اور شیخوپورہ سے ریسکیو کی گاڑیوں نے کئی گھنٹے آپریشن کر کے آگ پر قابو پایا۔بتایا گیا ہے کہ رانا ٹاؤن سے چھ کلو میٹر دور چک نمبر 43 میں فرنس آئل کی مل قائم ہے یہاں پر تین مزدور محمد آصف، محمد فیصل اور ریاست علی بوائلر پر تیل کو گرم کر رہے تھے اس دوران بوائلر میں پریشر زیادہ بڑھ جانے کے باعث ذور دار دھماکہ ہوا، واقعہ کی اطلاع ملنے پرمقامی افراد موقع پر پہنچ گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر تحصیل فیروز والہ چوہدری مظہر علی سرور ڈی ایس پی فیروز والہ غلام دستگیر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، سانحہ کی تحقیقات کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی شہریوں کے مطابق علاقہ میں غیر قانونی فرنس آئل میں ڈیزل وغیرہ تیار کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ فیروز والہ پولیس نے ہلاک ہونے والے تینوں مزدوروں کی لاشیں ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں مرنے والے مزدوروں کا تعلق ملتان، راجنپور اور بہاولنگر سے ہے بتایا گیا ہے ایک اطلاع کے مطابق حادثے کے وقت فیکٹری میں انجینئر موجود نہ تھا جو بوائلر کی نگرانی کے فرائض سر انجام دیتا تھا۔
دھماکہ


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیروز والا کے علاقے رانا ٹاؤن میں فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اورواقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرے اورآتشزدگی پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیاہے اورجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
 تحقیقات کا حکم

مزید :

صفحہ آخر -