ایران کے 93 سالہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے مچھ واقعے پر بڑی اپیل کردی

ایران کے 93 سالہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے مچھ واقعے پر بڑی ...
ایران کے 93 سالہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے مچھ واقعے پر بڑی اپیل کردی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران کے معروف عالم دین اور اہل تشیع کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے مچھ واقعے کے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اپیل کی ہے کہ تدفین کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی کی جانب سے آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی کا بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کے وفاقی اور صوبائی حکام سے زور دے کر مطالبہ کرتے ہیں کہ ان جرائم کا فوری اور دائمی سد باب کریں۔

انہوں نے مچھ واقعے میں جان گنوانے والے کان کنوں کے لواحقین کو پیغام دیتے ہوئے کہا ’ چونکہ شہداء کے جسم مطہر کا احترام ہم سب پر واجب ہے اور شرعی حکم یہ ہے کہ انہیں جلد از جلد سپرد خاک کیا جائے، جیسا کہ پاکستان سے بھی علمائے اَعلام نے درخواست کی ہے، میں شہداء کے معظم خاندانوں سے التجا کرتا ہوں کہ اپنے عزیزوں کی رسم تدفین کو جتنا جلد ممکن ہو، بجا لائیں۔‘

آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تدفین کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہوگا کہ اپنے مطالبات سے پسپائی اختیار کرلیں گے، پاکستانی عوام قانونی دائرے میں پر امن انداز سے اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ، انشااللہ دہشتگردی کے سرطانی پھوڑے کا اسلامی ممالک سے جلد از جلد خاتمہ ہوگا۔