افواج پاکستان کے سپہ سالار نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی: وزیراعظم آزاد کشمیر
کوٹلی (این این آئی)آزادکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ میں اور میرے آباؤ اجداد نظریہ الحاق پاکستان کے داعی ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری انوارالحق نے کہا کہ شہداء کشمیر کے صدقے آزاد کشمیر میں ہم ان بڑے عہدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں، افواج پاکستان کے سپہ سالار نے کشمیر پر ہمیشہ دوٹوک الفاظ میں کشمیریوں کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ اقتدار مالک کی امانت ہے جب تک ہوں تحریک آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا،کشمیر کی مکمل آزادی اور الحاق پاکستان کی تکمیل ہماری منزل ہے۔چوہدری انوالحق نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی فیصلہ پر سپہ سالار نے بھرپور انداز میں کشمیریوں کی حمایت کی۔ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلہ کو پاکستان اور کشمیر کی قیادت نے مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کشمیریوں کو مکمل انسانی آزادی حاصل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ مودی 2024 کے انتخابات میں کنٹرول لائن پر ڈرامہ رچانے کی غلطی نہ کرے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت نے آزاد کشمیر میں ایسے ایڈوینچر کی کوشش کی تو اس دفعہ بھارت میں گھس کر جواب دینے کے ساتھ انہیں سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی افواج سے خالی کرایا جائے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر