100سے زائد ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا ٹاسک 31جنوری تک مکمل کرینگے: محسن نقوی
لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے شدید سردی میں چلڈرن ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی،مین کوریڈور اور دیگر وارڈز میں اپ گریڈیشن کا کام تیزکر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے مین کوریڈور اور استقبالیہ کاؤنٹر کا معائنہ کیا اور کام کے معیار کو چیک کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ بجلی اور ائرکنڈیشن کی وائرنگ کے کام میں معیار اورحفاظتی اقدامات کویقینی بنایا جائے اور وائرنگ کے کام کو آئندہ 3روز میں مکمل کیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مین کوریڈور میں ٹائلز لگانے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے مین کوریڈور میں تیز رفتاری سے کام پر سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،سیکرٹری صحت اور ان کی ٹیم کی کاکردگی کو سراہا۔وزیراعلی محسن نقوی نے رات کو کام کرنے والے مزدوروں سے ملاقات کی اور رات گئے تک محنت سے کام کرنے پر شاباش دی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب میں 100سے زائد ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کا ٹاسک 31جنوری تک مکمل کریں گے۔پوری ٹیم دن رات کوشاں ہیں،انشا ء اللہ خلوص نیت سے کی جانے والی محنت کا ثمر عوام کو ضرور ملے گا۔سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور سیکرٹری صحت نے اپ گریڈیشن کے تحت کئے گئے کاموں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت ٹائلز لگانے اور فنشنگ ورک شروع ہو چکا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،سیکرٹری صحت،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، محسن نقوی نے راولپنڈی میں سیف سٹی اور نیو سی پی او آفس پراجیکٹس کا دورہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے دونوں پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے راولپنڈی سیف سٹی اور سی بی او آفس پراجیکٹس کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہاکہ منصوبوں کے سول ورکس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ کیبلز اور کیمروں کی تنصیب کے لیے ابھی سے پلاننگ کی جائے اور سول ورکس مکمل ہوتے ہی کام شروع کر دیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے دونوں منصوبوں کی تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔وزیراعلی نے دونوں پراجیکٹس پر کام رفتار کا جائزہ لیا اور برق رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سی پی او راولپنڈی کو پراجیکٹس کا روزانہ وزٹ کرنے اور پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محنت کے ساتھ دن رات کام کریں، منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل مشن ہونا چاہئے۔ پہلے مرحلہ میں راولپنڈی کے 92 مقامات پر سیکیورٹی کمیرے نصب ہونگے۔ سیف سٹی منصوبہ سے کرائم کنٹرول اور ٹریفک مینجمنٹ میں مدد ملے گی۔وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، بجلی سپلائی اور نیٹ ورکنگ کیلئے روڈ کی کٹنگ کا عمل جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ، آر پی او سید خرم علی، سی پی او راولپنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی
