کراچی(پ ر )ملک کی ممتاز علمی شخصیت دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے شیخ الحدیث مولانا شیخ محمد ادریس نے کہا ہے کہ مدارس دینیہ اسلام کے قلعے اور صفہ کی علمی میراث کے محافظ و وارث ہیں، طلبا تعلیمی دورانیہ کو پوری توجہ اور ہمت و صبر کے ساتھ تعلیمی محنت میں صرف کریں، عوام انتخابات میں مولانا نورالحق سمیت کتاب والوں کو کامیاب بنائیں، وہ لیاری کی معروف دینی درسگاہ جامعہ محمودیہ میراں ناکہ میں اصلاحی اجتماع سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان، معروف مذہبی اسکالر مولانا فضل سبحان، مفتی بشیر احمد ، پی ایس 108 سے جے یو آئی امیدوار مولانا نصیر اللہ چغرزئی سمیت علما کرام اور اساتذہ موجود تھے، جامعہ محمودیہ کے مہتمم اور جے یو آئی ضلع جنوبی کراچی کے امیر،این اے239 و پی ایس 107 لیاری سے امیدوار شیخ الحدیث مولانا نورالحق نے شیخ محمد ادریس اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جامعہ محمودیہ آمد پر شکریہ ادا کیا، مولانا شیخ محمد ادریس نے جامعہ محمودیہ کے طلبا کو ترمذی شریف کا آخری درس دیا اور طلبائے حدیث و شریک علما کرام کو جازت حدیث بھی مرحمت فرمائی، اصلاحی اجتماع میں اہل لیاری بڑی تعداد میں شریک ہوئے، شیخ محمد ادریس نے خطاب میں کہا کہ اہل مدارس لاکھوں بچوں اور بچیوں کو قرآن و سنت کی مفت تعلیم دینے میں مصروف ہیں،جامعہ محمودیہ جیسے دینی تعلیمی ادارے دینی علوم کی حفاظت اور اصلی حالت میں اگلی نسل تک آگے منتقل کرنے کی ذمہ داری ادا کررہے ہیں، مسلمان جب تک قرآن وسنت کے ساتھ وابستہ رہیں گے، انہیں عزت وعافیت ملے گی،علم دین کی برکت سے اللہ تعالی ہماری نسلوں کو عزت و سرفرازی اور برکت والی روزی عطا فرمائے گا۔