آٹھ فروری کو الیکشن نہ ہوئے اگلے 5سال تک نہیں ہوں گے: نبیل گبول

  آٹھ فروری کو الیکشن نہ ہوئے اگلے 5سال تک نہیں ہوں گے: نبیل گبول

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ اگر 8 فروری 2024 کو الیکشن نہ ہوئے تو اگلے پانچ سال تک پاکستان میں عام انتخابات نہیں ہوں گے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے پی پی پی رہنما نبیل گبول نے کہا کہ مجھے بتائیں کہ 8 فروری کو الیکشن کیوں نہیں ہوگا؟ کیا جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سردی لگ رہی ہے، اس لیے ا س کا انعقاد نہیں ہوگا۔پوری دنیا میں موسم سرما کے دوران الیکشن کا انعقاد ہوتا ہے۔ اگر مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرہ ہے تو وہ باہر نہ نکلیں، ان کی پارٹی کافی مضبوط ہے۔ ان لوگ انتخابی مہم چلائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرہ ہے تو ہمیں بھی ان کی فکر ہے لیکن ایسا خطرہ تو بینظیر بھٹو شہید کو بھی تھا، ان کو چار مختلف ممالک کی خفیہ ایجنسیوں نے آگاہ کیا تھا کہ آپ پاکستان نہ جائیں کیونکہ وہاں آپ کی جان کو خطرہ ہے لیکن ان تمام تر خطرات کے باوجود وہ ملک واپس تشریف لائی تھیں۔انہوں نے کہاکہ صرف ایک شخص کی وجہ سے ملک میں الیکشن کا التوا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اگر 8 فروری 2024 کو پاکستان میں الیکشن نہ ہوئے تو بھول جائیں کہ پاکستان میں آئندہ پانچ سال تک ایسا ہوگا۔ الیکشن 8 فروری کو ہوں گے یا پھر پانچ سال کے بعد۔نبیل گبول نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کی زندگی بارے فکرمند ہیں لیکن ایسی لائف تھریٹس ہم سب کو ہیں۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو کوئی آسرانہیں دیا کہ ان کو صدر مملکت بنایا جائے گا، تاہم میرا کہنا ہے کہ اگر بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنتے ہیں تو صورتحال اس طرف جا سکتی ہے۔نبیل گبول نے انکشاف کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں انہوں نے کہا کہ ان کو صدر مملکت بنایا جائے، اس ڈیمانڈ کو لیگی قیادت نے تسلیم بھی کیا ہے، لیکن میں مولانا فضل الرحمان صاحب کو ایک بات باور کرا دینا چاہتا ہوں کہ وہ شریفوں کے وعدوں پر نہ جائیں، شریف جو وعدے کرتے ہیں اس سے پھرنے میں کوئی دیر نہیں لگاتے۔ یہ لوگ صرف ان کو استعمال کر رہے ہیں۔