ٹریفک پولیس افسر پر عدالت میں وکلا کے تشدد کی فوٹیج سامنے آ گئی
کراچی(سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس افسر پر احاطہ عدالت میں وکلا کے تشدد کی فوٹیج سامنے آ گئی۔تفصیلات کے مطابق سیکشن افسر پی آئی بی پر احاطہ عدالت میں تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، ویڈیو میں ایس او پر تشدد دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں ٹریفک پولیس افسر اور وکیل سمیت 4 افراد کو دیکھا جا سکتا ہے، محمد یوسف اپنے موبائل میں کچھ دیکھ رہا تھا، ساتھ کھڑے وکیل نے اچانک چہرے پر زوردار تھپڑ مار دیا۔ویڈیو کے مطابق دوسرے زوردار تھپڑ میں یوسف کی ٹوپی پیچھے جا گری، ٹریفک افسر یوسف نے ہاتھ سے تھپڑ روکنے کی کوشش کی، وکیل نے ٹریفک افسر کے پیٹ میں لات دے ماری، درد کی شدت سے ٹریفک پولیس افسر زمین پر بیٹھ گیا۔اس دوران ایک شخص مسلسل وکیل کو روکنے کی کوشش کرتا رہا، دیکھتے ہی دیکھتے بڑی تعداد میں وکلا اور دیگر جمع ہو گئے، ایک پولیس اہلکار وکیل کو بیچ بچا ﺅکے بعد لے جانے لگا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جاتے جاتے بھی اہلکار کو پیچھے سے تھپڑ مارے گئے۔ دوسری طرف محمد یوسف نے سٹی کورٹ تھانے میں واقعے سے متعلق مقدمہ درج کروا دیا ہے۔