کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم ’سی اے‘ کا بیٹ استعمال کرنے کا کتنا معاوضہ وصول کریں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم نے انگلینڈ کی کمپنی گرے نکولس کے ساتھ اپنی طویل شراکت ختم کر کے پاکستان میں کرکٹ کا سامان تیار کرنے والی کمپنی سی اے سپورٹس کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سابق کپتان نے پاکستانی برانڈ کے ساتھ ایک منافع بخش ڈیل کی ہے جس میں کئی مراعات شامل ہیں۔
سی اے سپورٹس نہ صرف بابراعظم کو بیٹ سپانسر فیس کے سالانہ 7 کروڑ روپے ادا کرے گا بلکہ انہیں نمایاں پرفارمنس پر الگ سے بونس بھی دے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بابراعظم کو ہر ففٹی اور سنچری پر الگ سے اضافی رقم ملے گی جس سے ان کی کارکردگی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
واضح رہے کہ 7 کروڑ روپے سالانہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کا سب سے منافع بخش معاہدہ ہے جو ویرات کوہلی اور جو روٹ جیسے عالمی کرکٹ سپر سٹارز کے اسی طرح کے معاہدوں کا مقابلہ کرتا ہے۔