اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سیکرٹری سپریم کورٹ بار سلمان منصور نے 26 ویں آئینی ترمیم چیلنج کر دی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار کی درخواست میں 26 ویں آئینی ترمیم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں ججز تعداد میں اضافہ اور پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون میں ترمیم بھی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آئینی ترمیم بنیادی حقوق اور عدلیہ کی آزادی کے اصولوں سے براہ راست متصادم ہے، جوڈیشل کمیشن میں ایگزیکٹو کی اکثریت عدلیہ کے امور میں مداخلت ہے۔
سیکرٹری سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے لئے اپنایا گیا طریقہ کار بھی کسی صورت جمہوری نہیں تھا، متعدد ارکان پارلیمنٹ نے دباو ڈالے جانے اور اغواءکئے جانے کے الزامات عائد کئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جوڈیشل کمیشن کو ججز تعیناتی سے روکاجائے، آئینی ترمیم کے تحت ہونے والی تعیناتیاں اور تمام اقدامات بھی کالعدم قرار دیئے جائیں۔