3 دیہاتوں کے لوگ اچانک ایک ہفتے کے اندر گنجے ہوگئے، خواتین بھی شامل، وجہ کیا بنی؟

Jan 08, 2025 | 09:52 PM

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بلڈھانا کی تحصیل شیگاؤں کے3 دیہات بورگاؤں، کلواد اور ہنگنا میں ایک عجیب و غریب واقعہ نے خوف کی لہر دوڑا دی ہے۔

 پچھلے چند دنوں میں ان دیہاتوں کے کئی رہائشیوں کے بال تیزی سے جھڑنے لگے، یہاں تک کہ ایک ہفتے کے اندر لوگ مکمل طور پر گنجے ہو گئے۔ صحت کے ماہرین نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس مسئلے کی وجہ کھادوں سے پانی کی آلودگی ہو سکتی ہے۔محکمہ صحت کے افسران نے متاثرہ علاقوں سے پانی، جلد اور بالوں کے نمونے حاصل کر لیے ہیں تاکہ اس انوکھے مسئلے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مرد اور خواتین کے سر سے بالوں کے بڑے بڑے گچھے  گر رہے ہیں۔ جن لوگوں کو یہ مسئلہ لاحق ہوا، وہ چند دنوں میں مکمل طور پر گنجے ہو گئے۔ متاثرین نے کیمرے کے سامنے دکھایا کہ کس طرح سر کے بال ایک ہلکے کھینچاؤ پر جڑ سے نکل رہے ہیں۔ کچھ نے اپنے سر پر بننے والے گنج پن کے دھبے دکھائے، جو صرف ایک ہفتے میں ظاہر ہو گئے تھے۔ یہ معاملہ تیزی سے پھیلنے کے بعد صحت کے اعلیٰ افسران نے دیہاتوں  کا دورہ کیا۔

محکمہ صحت کی ٹیم کے مطابق، تقریباً 50 افراد میں اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی ہے اور ڈاکٹروں کو خدشہ ہے کہ متاثرین کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تیزی سے بال گرنے کی وجہ آلودہ پانی یا صحت کا کوئی سنگین مسئلہ ہو سکتا ہے۔

شیگاؤں کی صحت افسر ڈاکٹر دیپالی راہےکر نے کہا  کہ یہ آلودہ پانی کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ ہم نے نمونے جمع کر لیے ہیں اور جلد نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جب تک نتائج سامنے نہیں آتے، ڈاکٹروں نے دیہات کے رہائشیوں کو صحت کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

مزیدخبریں