پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونی چاہئے،ذوالقرنین حیدر

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونی چاہئے،ذوالقرنین حیدر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز ذوالقرنین حیدر نے کہا ہے کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور مکمل طور پر فٹ ہیں ۔ اگر انہیں قومی ٹیم میں شمولیت کا موقع ملا تو وہ پہلے سے بھی زیادہ بہتر پرفارمنس کامظاہرہ کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونی چاہئے تاکہ یہاں کے شائقین کرکٹ بھی اپنے میدانوں میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ سکیں۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشرف اور دیگر عہدیداران کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ ملک میں جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی کرکٹ سیریز کے انعقاد کے بھی روشن امکانات نظر آرہے ہیں ۔ ذوالقرنین حیدر فاﺅنڈیشن کی کرکٹ ٹیم کراچی میں شروع ہونے والے رمضان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی ۔ٹیم کی کپتانی وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر خود کریں گے ۔ ذوالقرنین کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم مذکورہ ٹورنامنٹ میں بہتر سے بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی