قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کل ، ٹیم 12جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوگی

قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کل ، ٹیم 12جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوگی

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ لندن اولمپکس کی تیاریوں کیلئے ایبٹ آباد میں جاری قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج ختم ہوجائے گا اور ٹیم کے 18رکنی سکواڈ کا اعلان کل کیا جائے گا۔ ٹیم 12جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوگی اور وہاں 13 جولائی کو برمنگھم میں بھی تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوگا جو 22 جولائی تک جاری رہے گا جبکہ ٹیم 24 اور 26 جولائی کو ہالینڈ اور جرمنی کی ٹیموں کے خلاف بھی پریکٹس میچز کھیلے گی۔ خواجہ جنید نے بتایا کہ قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بہت زور دیا گیا ہے اور اللہ کے فضل سے تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور ان کی فٹنس کا معیار بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنلٹی کارنر اور دیگر شعبوں میں بھی بہت محنت کی گئی ہے۔ سہیل عباس کے ساتھ ساتھ محمد عرفان، محمد عمران ، شکیل عباسی اور توثیق کو بھی پنلٹی کارنر لگانے کے لئے کافی ٹریننگ کروائی گئی ہے۔ کھلاڑیوں کو مخالف ٹیموں کی ویڈیو دکھا کر ان کی کمزوریوں اور خوبیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اولمپکس میں کسی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے اور انشاءاللہ ٹیم بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔ خواجہ جنید نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کے ٹیم میں شامل ہونے سے ٹیم کا کمبی نیشن بہتر ہوا ہے اور سینئر کھلاڑیوں کی فٹنس بھی بہت اچھی ہے۔ خواجہ جنید نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ قومی ہاکی ٹیم کو کم ازکم چھ ماہ تک نیلی آسٹر وٹرف پر پریکٹس کی ضرورت تھی تاہم پنجاب سپورٹس کی کوئی مجبوری ہوگی جس کی وجہ سے وہ ٹیم کے لئے نیلی آسٹر وٹرف جلد نہیں لگا سکے تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس کمی کو دور کرنے کے لئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اور دورہ یورپ کا انعقاد بھی کروایا ہے اور اب بھی ٹیم کے لئے انگلینڈ میں بھی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا ہے اور میرا نہیں خیال کہ اب نیلی آسٹر و ٹرف پر کھیلنے سے کھلاڑیوں کے لئے کوئی مسئلہ ہوگا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -