سچن ٹنڈولکر بھارت کے ہیرو ہیں ، سہواگ

سچن ٹنڈولکر بھارت کے ہیرو ہیں ، سہواگ

نوئیڈا(آئی این پی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے افتتاحی بلے باز وریندر سہواگ نے کہا ہے کہ سچن ٹنڈولکر بھارت کے ہیرو ہیں جنہیں کسی بھی سیریز میں کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حق حاصل ہے۔ سابق بھارتی وکٹ کیپر صباءکریم کی اکیڈمی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وریندر سہواگ نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کی عمر 39 برس ہے اور وہ 19 برس کے کھلاڑی کی طرح چست اور فٹ ہیں لیکن ہم انہیں بچانا چاہتے ہیں تاکہ بڑے ایونٹس میں ان کی خدمات حاصل کرسکیں۔ سری لنکا کیخلاف سیریز میں مجھ سمیت پوری بھارتی قوم ٹنڈولکر کو مس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آئی پی ایل کے تمام میچ کھیلے جس کے بعد میری فٹنس کا کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا لہٰذا اب میری پوری توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر نیوزی لینڈ کیلاف سیریز کیلئے دستیاب ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وریندر سہواگ نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کا کریڈٹ صرف کپتان کو دینا درست نہیں‘ ستائش کا حقدار کپتان نہیں پوری ٹیم ہے‘ تمام کھلاڑی کارکردگی نہ دکھائیں تو کپتان کچھ نہیں کرسکتا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی