ڈریوڈ راجیو گاندھی اور یووراج سنگھ ارجونا ایوارڈ کےلئے نامزد

ڈریوڈ راجیو گاندھی اور یووراج سنگھ ارجونا ایوارڈ کےلئے نامزد

ممبئی(اے پی پی) بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق بلے باز راہول ڈریوڈ کو راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ اور آل راﺅنڈر یووراج سنگھ کو ارجونا ایوارڈ کےلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں کھلاڑیوں کے نام آئندہ ہفتے بھارتی حکومت کو بھیج دیئے جائیں گے۔ بھارتی وزارت کھیل نے بورڈ کو ایوارڈز کےلئے کھلاڑیوں کی نامزدگی کے حوالے سے 20 جولائی تک کی ڈیڈ لائن دی تھی جس کے ایک روز بعد ہی بھارت نے راہول ڈریوڈ اور یووراج سنگھ کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویرات کوہلی اور روی چندرن ایشون ایوارڈز کےلئے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے تھے لیکن بھارتی بورڈ نے بر عکس فیصلہ کیا۔ بھارتی بورڈ کے سی اے او پروفیسر رتناکر شیٹھی نے بتایا ہے کہ راہول ڈریوڈ جو کہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں نے 1996 میں بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور سولہ سالہ کیریئر میں انہوں نے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں 23 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ یووراج سنگھ نے گزشتہ سال عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کو 28 سال بعد چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا جس کی وجہ سے ان کے ناموں کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سچن ٹنڈولکر اور مہندرا سنگھ دھونی بھی راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی