کیلے کی پیداوار میں 40 ہزار ٹن کمی

کیلے کی پیداوار میں 40 ہزار ٹن کمی

فیصل آباد (اے پی پی) حالیہ سال کے دوران موسمی حالات، بعض مقامات پر شدید بارشوں کے باعث پیداہونے والی سیلابی صورتحال اور بعض دیگر معروضی وجوہات کی بناءپر ملک میں کیلے کی پیداوار میں 40ہزار ٹن کمی واقع ہوگئی ہے ۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ سال 2010-11ءمیں کیلے کی پیداوار ایک لاکھ 39ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی تھی جو سال 2011-12 ءکے دوران موسمی تغیرات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث کم ہو کر صرف 99 ہزار ٹن رہ گئی ۔ انہوںنے بتایاکہ ملک میں کیلے کی طلب کو پورا کرنے کیلئے پاکستانی فروٹ امپورٹرز نے بھارت اور متحدہ عرب امارات سے کیلے کی درآمد شروع کی جس کی قیمت عام آدمی کی قوت خرید سے بہت باہر ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ جہاں پاکستانی کیلے کی قیمت 60سے 80 روپے فی درجن تھی وہاں اب درآمدی کیلے کی قیمت 250سے350 روپے فی درجن ہے۔ انہوںنے بتایاکہ رمضان المبارک سے قبل مقامی کیلے کی منڈیوں میں آمد کے باعث اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

مزید : کامرس