پاک افغان جائنٹ چیمبر بزنس کمیونٹی کو قریب لانے میں سودمند ثابت ہوگا

پاک افغان جائنٹ چیمبر بزنس کمیونٹی کو قریب لانے میں سودمند ثابت ہوگا

پشاور (اے پی پی) پاکستان افغانستان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر ضیاءالحق سرحدی نے 13سے 15جولائی تک کراچی میں ایکسپو سنٹر میں ”مائی کراچی “کے نام سے ہونیوالی نمائش میں افغانستان کے تجارتی وفد کی شرکت کو پاکستان اور افغانستان کی باہمی تجارت کے فروغ کے لئے سنگ میل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان افغانستان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافہ ہوگااور پاکستانی مصنوعات کے لئے افغانستان میں نئی منڈیاں تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے پاکستانی تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنا اہم کردار ادا کرے گا اور باہمی اتفاق رائے سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا ۔ ضیاءالحق سرحدی نے کہا کہ افغان تجارتی وفدکی پاکستان آمدسے باہمی اعتماد کو فروغ حاصل ہوگا اور نئے تجارتی معاہدے طے پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ”مائی کراچی“ کی طرز پر افغانستان کے اندر بھی نمائش کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لے گا تاکہ پاکستانی ایکسپورٹرز اپنی مصنوعات افغانستان کے اندر بھی متعارف کراسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان جائنٹ چیمبر کی ممبر شپ کا عمل جاری ہے۔

مزید : کامرس