4 مختلف مقامات پر خودکش دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ گرفتار
لاہور (سپیشل رپورٹر)پولیس نے مون مارکیٹ ،آراے بازار ،جامعہ نعیمہ اور بابو صابو انٹر چینج پر ہونے والے خود کش دھماکوں کے ماسٹر ما ئنڈ مبینہ دہشت گرد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔پولیس نے مبینہ ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ان کو اطلاع ملی تھی کہ شہر کے نواحی علاقہ میں دہشت گردوں نے پناہ لے رکھی ہے جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کو حراست میں لے لیا ۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ زیر حراست شخص نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ اس نے مون مارکیٹ ،آرے بازار ،جامعہ نعیمہ اور بابو صابو انٹر چینج پر ہونے والے خود کش دھماکوں کی پلاننگ کی ہے اور وہ اس کا ماسٹر مائنڈ ہے ۔ اس کا نام قاری عظمت ہے اس کے کچھ ساتھی شہر کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں اوروہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔پولیس نے مبینہ ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔