امریکہ نے افغانستان کو اہم غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دے دیا، دفاعی آلات اور تربیت تک رسائی ہوگی ہیلری کلنٹن

امریکہ نے افغانستان کو اہم غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دے دیا، دفاعی آلات اور ...

نیویارک (ارشد چودھری) امریکہ نے افغانستان کو اہم غیر نیٹو اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی کی حیثیت سے افغانستان کو دفاعی آلات اور تربیت تک رسائی حاصل ہوگی پاکستان کے ساتھ بھی سکیورٹی تعاون مضبوط بنانا چاہتے ہیں ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنے غیر اعلانیہ دورہ افغانستان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات میں کہی ۔ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ افغانستان کو اہم غیر نیٹو اتحادی ملک قرار دینا اس کے بہتر مستقبل کے لیے ہمارے عزم کا بہترین نمونہ ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ 2014ءمیں فوجوں کے انخلاءکے بعد بھی اس کے ساتھ اپنی وابستگی کو ترک نہیں کیا جائے گا ۔ ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ کرپشن پوری دنیا کیلئے مسئلہ بنی ہوئی ہے حامد کرزئی کی کوششوں سے افغانستان کے حالات بہتر ہوئے ہیں اور وہ کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اقتدار کی منتقلی کا کام شروع ہورہا ہے اور امریکہ افغانستان میں استحکام جمہوریت کی مضبوطی ، امن وامان کے حوالے سے افغان حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور ہم اس کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں ۔واضح رہے کہ افغانستان وہ 15واں ملک بن گیا ہے جسے امریکہ نے غیر نیٹو اتحادی قرار دیا ہے۔ دیگر ممالک میں مصر، اسرائیل، جاپان اور پاکستان بھی شامل ہیں۔ پاکستان اس فہرست میں 2004ءمیں شامل ہوا تھا۔ یہ اعلان اس سٹرٹیجک پارٹنرشپ معاہدے کا حصہ ہے جس پر صدر اوباما اور حامد کرزئی نے مئی میں دستخط کئے تھے۔

مزید : صفحہ آخر