چیف جسٹس نے این آراو عملدرآمد کیس کی سماعت کیلئے 5 رکنی خصوصی بنچ تشکیل دیدیا
اسلام آباد (ثناءنیوز ) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت کے لئے پانچ رکنی خصوصی بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ یہ بنچ12 جولائی کو مقدمے کی سماعت کرے گا۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل عرفان قادر خط لکھنے کے حوالے سے وزیر اعظم کے جواب سے عدالت کو زبانی طور پر آگاہ کریں گے۔ بنچ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل جسٹس اعجاز احمد جسٹس جسٹس گلزار کیانی اور جسٹس اطہر سعید پر مشتمل ہے سربراہی میں عدالت نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے دور میں حکم دیا تھا کہ وزیر اعظم اب کسی سمری وغیرہ کے چکر میں پڑے بغیر صدر مملکت کے خلاف مقدمات کھولنے کے لئے سوئس عدالت کو براہ راست خط لکھیں۔ اسی دور میں ایک مرتبہ جب یہ کیس سماعت کے لئے عدالت میں پیش ہوا تو بغیر کسی وجہ کے اس کیس کی سماعت نہیں کی گئی جس کے بعد توہین عدالت کیس میں سید یوسف رضا گیلانی کو برطرف کر دیا گیا۔ گزشہ تاریخ پر راجہ پرویز اشرف کے وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد عدالت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ وہ سوئس عدالت کو خط لکھے جانے کے بارے میں نئے وزیر اعظم سے ان کا موقف معلوم کر کے عدالت کو آگاہ کریں اٹارنی جنرل بارہ جولائی کو اس حوالے سے عدالت میں اپنا بیان دیں گے۔