ڈرون حملے ڈالروں کے عوض ملک بیچنے والے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہیں : تحریک انصاف

ڈرون حملے ڈالروں کے عوض ملک بیچنے والے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہیں : تحریک ...

لاہور (وقائع نگار + لیڈی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے نیٹو سپلائی کھولنے کے حکومتی اقدام پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ڈالروں کے عوض ملک بیچ دیا ہے۔ سپلائی بحالی کے اگلے ہی روز امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر حامد خان نے کہا کہ تحریک انصاف نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف پہلے روز سے ہی تھی۔ تاہم حکومت کی اجازت سے ایک بار پھر پاکستان میں خون کی ہولی کھیلنے کے لئے امریکہ کو کھلی چھٹی دے دی ہے۔ جبکہ حکمران قوم کو بے وقوف بناتے ہوئے منافقانہ بیان دے رہے ہیں جو درحقیقت امریکی پٹھو ہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے غیر تحریر شدہ معاہدے کے تحت نیٹو سپلائی کی بحالی کرکے امریکہ کو مزید ڈرون حملے کرنے کی کھلی چھٹی دے دی ہے۔ حکمرانوں نے ڈالروں کے عوض امریکہ کواجازت دی ہے کہ آپ مارتے رہیں ہم شور مچاتے رہیں گے جو درحقیقت ایک ڈرامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے امداد کے نام پر پیسے اکٹھا کررہے ہیں جن کو نہ قوم کی پرواہ ہے اور نہ ملک کی۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہاکہ تحریک انصاف نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کی پرزور مذمت کرتی ہے اور ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی موت کی ذمہ داری حکومت وقت پر ہے۔ تحریک انصاف کی رہنما مسرت چیمہ نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے اگلے ہی روز امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے حکومت وقت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پیسہ دو اور راستہ لو کی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو امریکی غلام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ملک و قوم کے مفاد کی بجائے صرف اسمبلی میں بلز پالیسی کروانے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی سے قبل حکومت وقت کو امریکہ کے ساتھ پاکستان کی سالمیت اور دخل اندازی نہ کرنے کے حوالے سے تحریری معاہدے کرنے چاہئیں تھے۔ تحریک انصاف لاہور کی صدر سعدیہ سہیل نے کہا کہ امریکہ کی جنگ سے پاکستان کو باہر نکلنا ہوگا۔ امریکہ ہماری ہی سرزمین پر ڈرون حملے کرکے ہمارے ہی لوگ مار رہا ہے جس سے معیشت کو دھچکا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک ڈرون حملوں کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ تحریک انصاف بلوچستان کی نائب صدر فرح سردار نے کہا کہ امریکی جنگ نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ حکمران امریکی کشکول تھامے ملک کا سودا کررہے ہیں ۔ جبکہ اپوزیشن سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کی خاطر حکومت کا ساتھ دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نیٹو سپلائی کی بحالی سے قبل امریکہ کے ساتھ تحریری معاہدہ کرناچاہئے تھا۔ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی راحت اجمل نے کہا کہ امریکہ نے حکومت وقت کو پریشر اورمفادات کی لالچ دے کر نیٹو سپلائی بحال کی ہے جن کو ملک و قوم کے مفادات عزیز ہونے چاہئیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نیٹو سپلائی کی بحالی پر مذمت کرتی ہے اور وفاق کو باور کراتی ہے کہ ڈرون حملے روکنے کے لئے اقدامات کرے۔

مزید : صفحہ آخر