رواں برس کا وہ دن جو 24 گھنٹوں سے بھی زیادہ لمباہوگیا کیونکہ۔۔۔ انتہائی حیران کن خبر آگئی
نیویارک (نیوز ڈیسک)سال 2016ءلیپ کا سال ہے، یعنی اس میں ایک دن اضافی ہے، مگر اب یہ سال تھوڑا سا اور طویل ہوگیا ہے کیونکہ اس کے آخری دن میں ایک لیپ سیکنڈ جمع کرنے کا فیصلہ بھی ہوگیا ہے۔
ویب سائٹ گلوبل نیوز کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین کی گردش دھیرے دھیرے مدھم پڑتی جارہی ہے جس کی وجہ سے یہ وقت کا انتہائی درست حساب رکھنے والی ایٹمی گھڑیوں سے قدرے پیچھے رہتی جارہی ہے، اور اسی فرق کو ختم کرنے کے لئے سائنسدان گاہے بگاہے ہمارے وقت میں ایک یا دو سیکنڈ کا اضافہ کرتے رہتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:زلزلے سے بچاﺅ کیلئے اونچی ایڑی والے جوتوں پر پابندی
امریکی بحری رسد گاہ سے تعلق رکھنے والے سائنسدان جیف چیسٹر کہتے ہیں کہ زمین کے چاند کے ساتھ تعامل، پانی کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور ایلنینو جیسی ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زمین کو ہر دن ایک چکر مکمل کرنے میں تھوڑا سا اضافی وقت لگ رہا ہے۔
رواں سال میں ایک اضافی سیکنڈ جمع کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ 31 دسمبر کی رات 11بجکر 59 منٹ اور 59 سیکنڈ کے بعد اگلا دن شروع نہیں ہوگا بلکہ وقت 11:59:60 ہوجائے گا، اور یوں نئے سال کا آغاز بھی ایک سیکنڈ کی تاخیر سے ہو گا۔ اس سے پہلے لیپ سیکنڈ کا اضافہ یکم جولائی 2016ءکو کیا گیا تھا۔